اہم خبریں

عالمی میلاد کانفرنس پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا ذریعہ بن گئی

یہ عالمی میلاد کانفرنس پاکستانی وقت کے مطابق 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب منعقد ہوتی ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی جانب سے ہر سال عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے عالمی میلاد کانفرنس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

یہ عالمی میلاد کانفرنس پاکستانی وقت کے مطابق 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب منعقد ہوتی ہے۔

1980 کی دہائی سے شروع ہونی والی اس روایت کے مطابق ہر سال منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں۔

دنیا بھر کے طرح پاکستان میں بھی عالمی میلاد کانفرنس کی کارروائی لائیو نشر کی جاتی ہے جس کیلئے مینارِ پاکستان میں خصوصی طور پر وسیع تر اقدامات کئے جاتے ہیں۔

ہزاروں لوگ مینارِ پاکستان کی اس تقریب میں شرکت کرتے ہیں اور تحریک منہاج القرآن کے بانی اور سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی زیر صدارت منعقدہ اس تقریب میں دورد و سلام کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔

رواں سال 42 ویں عالمی میلاد کانفرنس منعقد ہونے جارہی ہے۔

اس سال بھی مینارِ پاکستان پر اس تقریب کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں، تاہم رواں سال کانفرنس سیلاب متاثرین کی امداد کا ذریعہ بن گئی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک ویڈیو بیان کے ذریعے لاہور کے مینارِ پاکستان پر منعقد ہونے والی اس تقریب کوملتوی کر دیا ہے۔

 

عالمی میلاد کانفرنس سیلاب متاثرین کی امداد کا ذریعہ بن گئی:

 

تفصیلات کے مطابق تحریک منہاج القرآن نے رواں سال مینارِ پاکستان پر منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس کی تقریب ملتوی کرتے ہوئے سیلاب زدگان کی امداد کا فیصلہ کر لیا۔

اس حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک خصوصی ویڈیو بیان جاری کردیا۔

اپنے بیان میں شیخ الاسلام کا کہنا تھا کہ میں پاکستان بھر کے اُن لوگوں سے بھی خطاب کر رہا ہوں جو محبتِ رسول ﷺ سے سرشار ہوکر ہر سال منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام مینارِ پاکستان کے مقام پر منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کرتے ہیں۔

سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب نے تاریخ ساز نوعیت کی تباہی پیدا کی ہے۔ مسلسل موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی ریلے آئے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں لوگ جاں بحق ہوگئے، ہزاروں زخمی ہیں

ہزاروں خاندان بے گھر ہوگئے ہیں، بستیاں اجڑ گئیں اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ہیڈکوارٹرز لاہور میں ایک اجلاس طلب کیا جس میں مرکزی قیادت، پنجاب کی صوبائی قیادت،  اور دیگر ذمہ دران موجود تھے۔

شیخ الاسلام نےاس موقع پر کہا کہ ” سب سے مشاورت کے بعد میں یہ اعلان کر رہا ہوں کہ اس سال عوام کی پریشانیوں کے پیش نظر، ہم مینارِ پاکستان پر منعقد ہونے والی بڑی عالمی کانفرنس کو ملتوی کرتے ہیں۔”

ان کا مزید کہنا تھا کہ ” اس کانفرنس کی تیاری تقریباً مکمل ہوچکی تھی مگر اس پر ہونے والے کروڑوں روپے کے اخراجات کو سیلاب متاثرین کی امداد میں منتقل کیا جائے گا۔”

 

تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کیلئے خصوصی پیغام :

 

اپنے کارکنان کے نام خصوصی پیغام میں ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ میں اپنے تمام کارکنان، منہاج القرآن کے تمام فورمز، اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذمہ داران و رضاکاران سے اپیل کرتا ہوں کے پہلے سے جاری امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کار بڑھائیں۔

 

اب میلاد کانفرنس کہاں منعقد ہو گی؟

 

ڈاکٹر طاہر القادری نے واضح کیا کہ اس سال میلاد النبی ﷺ کی تقریبات ایوانِ اقبال لاہور میں 11 اور 12 ربیع الاول کو ہوں گی، جہاں باہر اسکرینز نصب ہوں گی اور بڑے پیمانے پر نشستوں کا انتظام کیا جائے گا۔

دنیا بھر میں لوگ منہاج ٹی وی، یوٹیوب اور ہمارے آفیشل چینلز کے ذریعے حسبِ روایت اس کانفرنس کی کارروائی دیکھ اور سن سکیں گے۔

شیخ الاسلام کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ مختلف صوبوں اور شہروں سے سفر کرکے آیا کرتے تھے، وہ اپنے اپنے شہروں میں منہاج القرآن کے مراکز، بڑی جامع مساجد، اسلامک سینٹرز اور مقامی ہالز میں بیٹھ کر اس کانفرنس کو اسکرینز کے ذریعے دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جو وسائل اور توانائیاں آپ مینارِ پاکستان آنے پر خرچ کرتے تھے، انہیں اس سال متاثرہ انسانیت کی خدمت اور سیلاب زدگان کی امداد پر صرف کریں۔

 

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button