اسلاممذہب

پولیس کی نوکری چھوڑ کر قرآن کی خدمت کرنے والا قاری

قدرت کبھی کبھار کچھ لوگوں کو ایسے کاموں کیلئے چن لیتی ہے کہ دنیا انہیں اس روپ میں دیکھ کرخواہش کرتی کہ کاش انہیں بھی اس کام کیلئے چنا گیا ہوتا۔ ایسی ہی ایک کہانی راولپنڈی کے قاری عمران قریشی کی ہے جنہوں نے پولیس کی نوکری چھوڑ کر قرآن کی خدمت کرنے کا بیڑا اٹھایا۔
آج سے چار سال قبل قاری عمران قریشی نے عزم کیا کہ وہ ضعیف قرآنی نسخے جمع کریں گے اور یوں انہوں نے اپنی نوکری اور زندگی اس کام کیلئے وقف کردی ۔قاری عمران قریشی اپنی مدد آپ کے تحت مساجد، مدارس اور دکانوں سمیت مختلف مقامات سے شہید قرآنی نسخے اکٹھے کرتے ہیں اور انہیں جمع کر کے اڈیالہ روڈ پر واقع تین دکانوں کے گودام میں لاتے ہیں جو ان کے ایک دوست نے اس مبارک کام کیلئے وقف کر رکھی ہیں۔

مزید پڑھیں: فیصل مسجد کے مؤذن کی ایمان افروز کہانی

قاری عمران کا کہنا ہے کہ جو قرآنی نسخے مرمت کے قابل ہوتے وہ انکی بائنڈنگ کرتے جبکہ بقیہ نسخوں کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کرتے ہیں۔ ان کے بقول اسلامی طریقہ کار کے مطابق قرآنی اوراق کو محفوظ بنانے کیلئے یا تو زیر زمین دفن کر دیا جاتا ہے یا صاف پانی میں بہا دیا جاتا ہے۔
تاہم راولپنڈی اسلام آباد میں صاف پانی کا ایسا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے فیصلہ کر رکھا ہے کہ وہ ان نسخوں کو دفن کر دیں گے۔ قاری صاحب کے مطابق چند افراد نے اس کام کیلئے انہیں زمین بھی وقف کر رکھی ہے اور وہ جلد اس میں قرآنی نسخے دفن کرنے کا کام شروع کریں گے۔
قرآن کی خدمت کرنے کا ان کا یہ جذبہ صرف قرآنی نسخوں کو محفوظ بنانے تک محدود نہیں۔ انکا عزم ہے کہ وہ آئندہ سالوں میں اللہ کی خصوصی مدد سے مختلف علاقوں میں قرآن سینٹرز بنائیں گے جہاں یتیم بچوں کی کفالت کا انتظام کیا جائے گا اور انہیں دنیاوی و دینی تعلیم مہیا کی جائے گی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button