چاند پر اذان 22

چاند پر اذان کی آواز: چاند پر قدم رکھنے والے خلاء باز نے حقیقت بیان کر دی

1969ء میں جب انسان نے پہلی بار چاند کی سرزمین پر قدم رکھا تو پوری دنیا حیرت میں ڈوب گئی۔ اس تاریخی لمحے کے مرکزی کردار نیل آرمسٹرانگ تھے، جنہوں نے اپنے پہلے قدم کے ساتھ وہ مشہور جملہ کہا:

"یہ ایک انسان کا چھوٹا سا قدم ہے، مگر انسانیت کے لیے ایک بہت بڑی جیت ہے۔”

وقت گزرتا گیا، لیکن اس عظیم کامیابی کے ساتھ ایک ایسی کہانی بھی دنیا بھر میں پھیل گئی جس نے لاکھوں لوگوں کی توجہ حاصل کی۔

 

چاند پر اذان کی آواز کی حقیقیت

 

کہا جانے لگا کہ نیل آرمسٹرانگ نے جب مصر کا سفر کیا تو وہاں اس نے اذان کی آواز سن کر بولا کہ یہ آواز اس نے چاند پر بھی سنی تھی اور پھر اسلام قبول کر لیا۔

یہ کہانی اتنی تیزی سے پھیلی کہ بہت سے لوگوں نے اسے حقیقت سمجھ لیا۔ مگر جب یہ افواہ خود نیل آرمسٹرانگ تک پہنچی تو انہوں نے اس کی واضح تردید کی۔

مختلف مواقع پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نہ تو چاند پر ایسی کوئی آواز سنی تھی، نہ اسلام قبول کیا تھا، اور نہ ہی ان سے منسوب کیے جانے والے یہ واقعات درست تھے۔ ان کی جانب سے اس افواہ کی تردید تحریری اور عوامی بیانات میں بھی سامنے آئی۔

 

اس واقعہ میں ہمارے لئے کیا سبق ہے؟

 

یہ واقعہ ہمیں ایک اہم اسلامی سبق دیتا ہے۔ اسلام ہمیں صرف سچی بات آگے پہنچانے کی تعلیم دیتا ہے۔ کسی اچھی نیت کے باوجود اگر ہم غیر مصدقہ بات کو دین کے نام پر پھیلاتے ہیں تو یہ درست طرزِ عمل نہیں۔

اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم میں فرماتا ہے:

"اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لائے تو اچھی طرح تحقیق کر لیا کرو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم نادانی میں کسی قوم کو نقصان پہنچا بیٹھو، پھر اپنے کیے پر پشیمان ہو۔” (سورۃ الحجرات: 6)

 

یہ آیت صرف ایک دور کے لیے نہیں بلکہ ہر زمانے کے لیے اصول ہے۔ آج سوشل میڈیا کے دور میں، جب ایک پیغام چند لمحوں میں کروڑوں لوگوں تک پہنچ جاتا ہے، تحقیق کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ عموماً سوشل میڈیا مواد بنانے والے اس بات پر زور دیتے ہیں کہ سنسنی زیادہ پھیلائی جائے کیونکہ اس سے جلد مواد آگے بڑھے گا اور یہ تکنیک اکثر کارکگر بھی ہوتی ہے۔

اسلام کی سچائی کو ثابت کرنے کے لیے ہمیں من گھڑت قصوں یا غیر مستند معجزوں کی ضرورت نہیں۔ قرآنِ مجید، رسول اللہ ﷺ کی سیرت، اسلام کی اخلاقی تعلیمات اور کائنات میں اللہ تعالیٰ کی بے شمار نشانیاں خود اپنی جگہ مضبوط دلائل ہیں۔

سچائی ہی ایمان کی زینت ہے۔ ایک مسلمان کی پہچان یہ نہیں کہ وہ ہر سنسنی خیز کہانی پر یقین کر لے، بلکہ یہ ہے کہ وہ ہر خبر کو تحقیق کی کسوٹی پر پرکھے۔ جب ہم سچ بولتے ہیں اور سچ ہی آگے پہنچاتے ہیں تو ہم نہ صرف اپنے دین کی صحیح نمائندگی کرتے ہیں بلکہ اسلام کے اس عظیم اصول پر بھی عمل کرتے ہیں کہ امانت اور دیانت ہر حال میں مقدم ہیں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں