ٹرینڈنگمعیشت

کرپٹو کرنسیاں کیا ہیں؟ اقسام، فوائد اور خطرات

ڈیجیٹل کرنسی کی دنیا میں کرپٹو کرنسیاں کیا ہیں، ان کی مختلف اقسام، فوائد اور ممکنہ خطرات کا تفصیلی جائزہ

کرپٹو کرنسی اب کسی ٹیکنالوجی کے ماہرین یا کرپٹو ٹریڈرز تک محدود نہیں ہیں ،دنیا بھر میں اب اس کرنسی سے ادائیگیاں بھی شروع ہو گئی ہے۔ 

چند ترقی یافتہ ممالک میں کرپٹو کرنسی میں ادئیگیاں اب اس قدر عام ہو چکی ہیں کہ فری لانسرز کو ان کے کام کا معاوضہ اسی کرنسی میں دیا جانا لگا ہے۔ 

یہی نہیں، کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ ممکن ہے آنے والے وقت میں آپ کیفے،شاپنگ مال پر بھی کرپٹو میں ادائیگی کرتے نظر آئیں۔

دنیا بھر میں اس طرزِ ادائیگی کو تیزی سے اپنایا جارہا ہے۔ اگر کرپٹو کرنسی آپ کیلئے بالکل نئی ہے یا آپ پہلے ٹریڈنگ کر چکے ہیں، اس کے بنیادی اصول اور رحجانات سے متعلق علم رکھنا اب ناگزیر ہوچکا ہے۔ 

ممکن ہے کل کو دنیا کرپٹو کرنسی کو اپنا لے اور آپ تب بنیادی اصول سیکھتے پھر رہے ہوں تو تب بہت دیر ہو چکی ہو گی۔ 

آج ہم تجسس رکھنے والے قارئین کو کرپٹو کرنسی سے متعارف کرائیں گے۔ ساتھ ہی مشہور کرپٹو کرنسیاں کون سی ہیں اور کرپٹو کے فائدے اور نقصانات کیا ہیں؟ یہ ہمارے بحث کا حصہ ہوگا۔ 

کرپٹو کرنسی کیا ہے؟

روایتی کرنسی جیسا کہ ڈالر، ریال، روپیہ، دینار وغیرہ کے برعکس کرپٹو کرنسی ایک ڈیجیٹل یا ورچوئل کرنسی ہے ۔ کرنسی کی دیگر اقسام کو جہاں حکومتیں جاری اور کنٹرول کرتی ہیں، کرپٹو کرنسیاں اس کے برعکس بغیر کسی مرکزی اتھارٹی کے کام کرتی ہیں۔

کرپٹو کرنسیاں لین دین کیلئے بلاک چین ٹیکنالوجی پر انحصار کرتی ہیں جو کہ ہر ٹرانزیکشن کو محفوظ بنانے اور لین دین کا ریکارڈ رکھنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔ یہاں صارفین بغیر کسی تیسرے فریق کی مدد کے خود رقم بھیجنے ، وصول کرنے اور محفوظ بنانے کا کام کرتے ہیں۔ 

اس سے مراد یہ ہے کہ کوئی بھی شخص ان کرنسیوں کیلئے ترتیب دیئے گئےسافٹ ویئر والٹس کے ذریعے کرنسی کی خرید و فروخت کر سکتا ہے۔ 

روایتی کرنسی کے برعکس یہ سونے یا کسی اور اثاثے کی پشت پناہی پر منحصر نہیں بلکہ یہ پورا نظام کوڈ کی زبان میں کام کرتا ہے۔ 

کرپٹو کرنسی کی اقسام:

ایک اندازے کے مطابق دنیا میں اس وقت کرپٹو کرنسی کے اقسام 9000 سے زائد ہیں ۔ ان کرنسی کی اقسام کو مختلف زمرہ جات یعنی کہ کیٹاگری میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ 

ہم ان میں سے چند مشہور کرپٹو کرنسیوں کا احاطہ کریں گے جو اس وقت دنیا میں  سب سے زیادہ رائج ہیں۔

بٹ کوائن (Bitcon):

بٹ کوائن دنیا کی پہلی کرپٹو کرنسی ہے اور یہ آج بھی سب سے معتبر کرنسی کے طور پر جانی جاتی ہے۔ اس کو کرپٹو کی د نیا میں سونے کی طرح دیکھا جاتاہے۔ اس کی کل تعداد 21 ملین پر محدود ہے۔ اس کی قیمت 120،000 ڈالر سے زائد ہے ۔ 

آلٹ کوائن (AltCoins)

بٹ کوائن کے علاوہ دیگر کرپٹو کرنسیاں آلٹ کوائن کہلاتی ہیں ۔ یہ کرنسیاں بٹ کوائن میں کمزوریوں کو اپنی طاقت بنا کر سامنے آئی ہیں۔ یہ سپیشل فچرز جیسا کہ تیز ٹرانزیکشن، پرائیویسی فیچرز کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں۔ 

آلٹ کوائن میں لائٹ کوائن(Litecoin)  اور رپل (Ripple)وغیرہ شامل ہیں۔ 

سٹیبل کوائن (Stable Coins) :

بٹ کوائن اور آلٹ کوائن کی طرح اتار چڑھاؤ کی بجائے سٹیبل کوائن اپنی مستحکم قدر کی وجہ سے جانی جاتیں ہیں۔ یہ ایسی مستحکم قدر رکھتی ہیں جیسا کہ روایتی کرنسی میں ڈالر کا ریٹ مستحکم رہتا ہے جبکہ دیگر کرنسیاں اتار چڑھاؤ کا شکار ہوتی رہتی ہیں۔

اس میں یو اس ڈی سی(USDC)  اوریو ایس ڈی ٹی(USDT)  کوائن شامل ہیں۔

کرپٹو کرنسی کے فوائد:

گزشتہ چند سالوں میں کرپٹو نے سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی ہے۔ اس کے پیچھے چند فوائد ہیں جو درج ذیل ہیں:

غیر مرکزیت اور کنٹرول:   کرپٹو  کرنسی کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ اس کوئی بینک، حکومت یا ادارہ کنٹرول یا ضبط نہیں کر سکتا ۔ 

اس کے علاوہ روایتی کرنسی میں جہاں حکومتیں بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ذریعے ٹرانزیکشن رکوا دیتے یا بلاک کرادیتے ہیں، یہاں ایسا ممکن نہیں ہوتا۔ یوں سرمایہ کاری محفوظ رہتی ہے۔ 

آسان رسائی: 

اگر آپ کے پاس ایک عدد سمارٹ فون اور انٹرنیٹ ہے تو آپ کرپٹو کرنسی تک رسائی پاسکتے ہیں۔ اس کیلئے آپ کا بینک اکاؤنٹ ہے یا نہیں اس کی کوئی بحث ہی نہیں ہے۔ 

اس کی مدد سے آپ کرنسی کو محفوظ طریقے سے ایک ملک سے دوسرے ملک بغیر کسی بینکنگ چینل کے بھیج سکتے ہیں۔

تیز رفتار اور کم فیس: 

روایتی بینکنگ میں ایک ٹرانزیکشن میں گھنٹے یا بعض اوقات دن بھی لگ جاتے ہیں۔ بالخصوص انٹرنیشنل ادائیگی کی صورت میں صبر کا امتحان ہوتا ہے۔ 

لیکن کرپٹو کرنسیاں آپ کو اس قابل بناتی ہیں کہ آپ چند سیکنڈزیا منٹوں میں ادائیگی کریں ۔ اس کی فیس بھی روایتی بیکنگ چینل سے کم ہوتی ہے۔ 

سرمایہ کاری کے نئے مواقع:

 دنیا بھر میں اب بہت سے بزنس اس کرنسی کو اپنا رہےہیں۔ آپ پہلے سے اس کرنسی کے ذریعے سرمایہ کاری کر رہے ہوں گے تو آپ کو سرمایہ کاری کے جدید مواقع میسر آئیں گے۔ 

مثال کے طور پر کرپٹو کرنسی کی کوئی نئی قسم متعارف ہوتی ہے تو ابتدائی انویسٹر کی وجہ سے آپ کو اچھا منافع ہوگا۔ ایسا تب ہی ممکن ہے جب آپ پہلے سے اس شعبے سے وابستہ ہوں گے

مزید پڑھیں؛ حکومت پاکستان کا اہم قدم: کریپٹو کرنسی میں یوزرز کے لیے خوشخبری۔

کرپٹو کرنسیاں اور نقصانات:

جہاں کرپٹو میں ہیرو بننے کے کئی مواقع آتے ہیں، ایک چھوٹی سی غلطی آپ کو زیرو بھی کرسکتی ہے۔ یوں کرپٹو کرنسیاں چند نقصانات بھی رکھتی ہیں جن کا علم رکھنا لازمی ہوتا ہے۔

چند نقصانات درج ذیل ہیں۔ 

مارکیٹ کا اتارچڑھاؤ:

کرپٹو کی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بہت زیادہ رہتا ہے ۔ کبھی ایک ہی سنگل سے قیمت 10 سے 30 فیصد بڑھ جائے گی اور کبھی 50 فیصد گر جائے گی۔ 

مارکیٹ کا یہ اتار چڑھاؤ ہمیشہ سرمایہ کار کو ذہنی طور پر معلق رکھتا ہے۔ 

فراڈ میں اضافہ: 


ترقی پذیر ممالک میں ٹریڈنگ کے نام پر کچھ ایپس سامنے آتی ہیں جو اچانک ہی اچھا منافع مہیا کرنے لگ جاتی ہیں۔ 

سادہ لوح لوگ اس میں انویسٹمنٹ کر لیتے ہیں اور ابتداء میں اچھا منافع پاتے ہیں۔ 

اس کے بعد وہ جیسے ہی اپنی جمع پونچی لگا لیتے تو یہ ایپس غائب ہو جاتی ہیں۔ 

بہت سے ممالک میں کرپٹو کرنسی کو قانونی حیثیت حاصل نہیں، اس وجہ سے سرمایہ کاروں کا یہ نقصان  قابل واپسی بھی نہیں ہوتا۔ 

تکنیکی پیچیدگیاں:

کرپٹو کرنسی کی تکنیکی پیچیدگیاں بعض اوقات ایک عام صارف کیلئے بڑے نقصان کا باعث بنتی ہیں۔
غلط ٹرانزیکشن کی صورت میں واپسی کی کوئی صورت نہیں ہوتی جو سرمایہ کاری کو ڈبو دیتی ہے۔ 

اختتامیہ:

آنے والے دور میں کرپٹو کرنسیاں بہت عام ہو جائیں گیں۔ اس لئے ان کا بنیادی علم ہر شخص کے پاس ہونا چاہیے۔ 

اگر اس کا بنیادی علم اور اصول آپ کی انگلیوں پر ہیں تو آپ اچھی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔

اگر آپ اس شعبے میں نئے ہیں تو ابتدائی طور پر ماہرین کی رائے لیں اور ان کی  ہدایات کی روشنی میں ہی ٹریڈنگ کریں تا کہ نقصان کا خطرہ کم سے کم رہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button