
ملک کے مختلف شہروں سے پی ٹی آئی قافلے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ قافلے اسلام آباد کب پہنچیں گے؟ کیوں کہ ان قافلوں کی رفتار سے کہ کسی صورت ممکن نظر نہیں آرہا کہ یہ قافلے کسی صورت 24 تاریخ کی رات تک اسلام آباد پہنچیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا سے آنے والےپی ٹی آئی قافلے پنجاب کی حدود میں داخل ہو چکے ہیں۔ لیکن صرف پنجاب کی حدود میں داخل ہونا ہی جلد اسلام آباد پہنچنے کی دلیل نہیں ہے۔ ابھی بہت سی مشکلات ہیں جنہیں پی ٹی آئی نے سر کرنا ہے اور راستے کی یہ رکاوٹیں اور پولیس کی جانب سے طاقت کا استعمال پی ٹی آئی کی سپیڈ کو مزید کم کر سکتا ہے۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے قافلے اسلام آباد میں کب داخل ہوں گے اس کا فیصلہ علی امین گنڈا پور کریں گے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج؛ 15 دن تک اسلام آباد بند کرنے کا پلان کیا ہے؟
اس حوالے سے نجی نیوز چینل کو انٹرویو میں سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلے اٹک سے پہلے کسی مقام پر رات رکیں گے تو اس کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ یہ آپریشنل معاملات ہیں جنہیں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور دیکھیں گے۔
دوسری جانب ملک بھر میں پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنان کو پولیس نے گرفتار بھی کر لیا ہے۔
کئی مقامات پر پولیس اور کارکنان کے درمیان جھڑپیں بھی دیکھنے کو ملی ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی ۔ کارکنان کی جانب سے بھی واپسی پتھراؤ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پیر کے روز اسلام آباد میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔