عمان میں مسجد پر حملہ ، پاکستانیوں کیلئے تشویشناک خبر

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق عمان کے دارلحکومت مسقط کے علاقے وادی الکبیر میں امام علی نامی مسجد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد کے جاں بحق ہونے اور 15 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وادی الکبیر کی اس مسجد میں نامعلوم افراد اس وقت حملہ آور ہوئے جب مسجد میں مجلس عزا جاری تھی اور اس میں 700 سے زائد افراد شریک تھے۔ ان میں پاکستانی بھی شامل تھے جن کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تاہم کتنے پاکستانی زخمی ہوئے اور کیا جاں بحق ہونے والوں میں بھی کوئی پاکستانی شامل تھے اس بارے ابھی مکمل معلومات میسر نہیں آئیں۔
مسجد پر فائرنگ کے بعد سے لوگوں کو بھاگتا ہوا دیکھا گیا جب کہ کافی دیر تک یہ فائرنگ جاری رہی ہے۔ حالات ابھی مکمل قابو میں نہیں، تاہم عمان رائل پولیس صورت حال سے نمٹنے کیلئے مصروف عمل ہے۔
مزید پڑھیں:ارشد شریف کو انصاف مل گیا
مسقط میں تعینات پاکستانی سفیر نے اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی سے گزارش کی ہے کہ وہ وادی الکبیر کی طرف جانے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے زخمی ہونے والے افراد کو بھی صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کی تلقین کی ہے۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بذات خود 4 ہسپتالوں کے چکر لگا چکے ہیں اور وہاں موجود زخمی بہتر حالت میں ہیں اور خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔ پاکستانی ایمبیسی کی جانب سے خصوصی ایمرجنسی نمبرز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ سلطنت عمان علاقائی لڑائی جھگڑوں میں ہمیشہ سے ثالث کے طور پر کردار ادا کرتی رہی ہے اور وہاں ایسا واقعہ شاذ ونادر ہی دیکھا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک یہ پتا نہیں چلایا جاسکا کہ اس حملے کے پیچھے کونسی تنظیم یا گروہ ملوث ہے یا یہ مذہیبی منافرت پر مبنی کوئی حملہ ہے۔