
عید قربان کی آمد آمد ہے اور مویشی منڈیوں سے لیکر گلی محلوں تک خوبصورت جانور لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرا رہے ہیں۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر والدین بچوں کی ضد کے سامنے بند نہیں باندھ پاتے اور چاہے موسم کیسا ہی ہو جانور وقت سے پہلے ہی لینا پڑتا ہے۔
جانور تو لے لیا جاتا ہے لیکن اس کے بعد ایک بڑی پریشانی یہ ہوتی ہے کہ جانور کو رکھا کہاں جائے؟ پاکستان میں اکثریت آبادی چھوٹے مکانوں میں رہتی ہے جہاں جانوروں کو رکھنا ناممکن ہو جاتا ہے۔
ایسے میں پشاور کے ایک رہائشی نے جانوروں کیلئے ایسی سہولت متعارف کرا دی ہے جسے دیکھ کر لوگ حیران بھی ہیں اور انکے اس تخلیقی آئیڈیا کی تعریف بھی کر رہے ہیں۔
آپ نے گاڑیوں کیلئے پارکنگ کا تو سنا ہوگا لیکن پشاور کے علاقے گل بہار میں ایک شہری نے جانوروں کیلئے پارکنگ کی سہولت دے کر اہل علاقہ کو حیران کر ڈالا۔
جانوروں کیلئے پارکنگ کا حیرت انگیز منصوبہ
طارق نامی شہری نے اہل علاقہ کیلئے یہ سہولت متعارف کرائی ہے۔ انہوں نے اس سے قبل یہاں ایک شادی ہال ترتیب دے رکھا تھا جسے لوگ اپنی تقریبات کیلئے استعمال کرتے تھے۔
تاہم اب اچانک ایک دن جب اہل علاقہ نے دیکھا تو اس عمارت کے باہر سے بینر ہٹ چکا تھا اور وہاں نیا بینر لگا تھا جس پر درج تھا؛ طارق وچھہ پارکنگ، قربانی کے جانوروں کی دیکھ بھالی یہاں کی جاتی ہے۔
عموماً بچے عید سے قبل جانور خریدنے کی ضد کرتے ہیں تا کہ وہ اپنے بے زبان دوستوں کے ساتھ خوب مستی کر سکیں لیکن اس میں والدین کیلئے پریشانی یہ ہوتی ہے کہ گھر میں جانور رکھنے کیلئے جگہ بہت محدود ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں:اب مویشی منڈیوںمیںکیش نہیںآن لائن ٹرانسفر چلے گا
طارق نامی اس شہری نے میڈیا کو بتایا کہ کچھ سال قبل انہوں نے قربانی کیلئے پہلی بار جانور خریدا تو ان کےپاس جانور کھڑا کرنے کو جگہ نہیں تھی اور اب جب جگہ میسر آئی تو انہوں نے اس وقت کی محرومی کو بھانپتے ہوئے فیصلہ کیا کہ جو لوگ ایسی کشمکش کا شکارہوں انہیں یہ سہولت دی جائے۔
یوں نہیں کہ صرف جگہ مختص کردی اور کوئی پوچھنے والا بھی نہ ہو، طارق نے جانوروں کیلئے شیڈ، چارہ اور تمام تر سہولیات کا اہتمام کر رکھا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اب وہ اس سہولت کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں اور نہ صرف جانور یہاں پارک کر رہے ہیں بلکہ بچوں کو بھی اپنے دوستوں سے ملاقات کیلئے یہاں لاتے ہیں ۔یوں بچے یہاں جانور دیکھ کر خوش ہوتے رہتے۔
یہی نہیں یہاں پر بچوں کو طرح طرح کے مزید جانور بھی دیکھنے کا موقع ملتا ہے جس سے ان کا لطف دوبالا ہوجاتا ہے۔
یہ اپنی نوعیت کی دلچسپ سہولت ہے جو بڑے شہروں کی بہت بڑی ضرورت ہے۔ یہاں شہری جگہ ہونے کے باوجود بھی جانوروں کا گھروں میں ایسا خیال نہیں رکھ پاتے جیسا ہونا چاہیے۔
نتیجتاً جانور بیمار ہو جاتےہیں۔ اس لئے جانوروں کی اچھی سمجھ بوجھ رکھنے والے افراد ایسی سہولت متعارف کرائیں تو یہ ان کیلئے ذریعہ معاش بن جائے گا اور لوگوں کو بھی سہولت ہو جائے گی۔