لیبیا کا حاجی جسے چھوڑ کے جانے والے جہاز کو دوبار واپس آنا پڑا
مذکورہ شہری کا کہنا تھا کہ وہ آخری گروپ کا حصہ تھے اور جب ان کی پرواز کی باری آئی تو انہیں کہا گیا کہ پاسپورٹ میں سیکورٹی مسئلہ ہے۔

بے شک اعمال کا دار و مدار نیت پر ہے۔ اگر کوئی مسلمان صدقِ دل کے ساتھ کسی چیز کی نیت کر لے تو اللہ رب العزت اس کیلئے آسانیاں پیدا فرما دیتے ہیں۔
ایسے وقت میں بعض اوقات اگر اسباب بظاہر مخالف بھی دکھائی دے رہے ہوں، اللہ رب العزت اپنی خصوصی قدرت سے معجزے بھی فرما دیتے ہیں اور یقیناً اس ذات کے سامنے یہ دنیاوی رکاوٹیں کچھ نہیں ہوتیں۔
ایسا ہی ایک ایمان افروز واقعہ لیبیا میں پیش آیا جہاں حج کی نیت باندھے ایک شخص کو تکینکی وجوہات پر ایئر پورٹ پر روکا گیا لیکن اس کیلئے جہاز کو واپس آنا پڑا۔
ایک بار نہیں ، جہاز کو دو بار واپس آنا پڑا ۔ اور اس کے بعد بالاآخر پائلٹ نے بھی ہاتھ کھڑے کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مذکورہ شخص جہاز میں نہیں بیٹھے گا، وہ جہاز نہیں اڑائے گا۔
لیبیا کا حاجی جس کیلئے دو بار جہاز کو واپس آنا پڑا:
یہ کہانی لیبیا کے عامر ہادی منصور نامی شہری کی ہے جو حج کی نیت باندھے ایئر پورٹ پر پہنچے لیکن انہیں جہاز میں بیٹھنے کا موقع نہ مل سکا۔
اپنے ایک بیان میں مذکورہ شہری کا کہنا تھا کہ وہ آخری گروپ کا حصہ تھے اور جب ان کی پرواز کی باری آئی تو انہیں کہا گیا کہ پاسپورٹ میں سیکورٹی مسئلہ ہے۔
حکام نے ان سے کہا کہ وہ انتظار کریں ہم مسئلہ حل کرتے ہیں۔ تاہم اس دوران سارے حجاج کرام جہاز میں سوار ہو گئے۔
جب پرواز کا وقت ہوا تو پائلٹ نے کہا کہ وہ انتظار نہیں کریں گے اور ایسا ہی ہوا، جہاز عامر کو چھوڑتا روانہ ہو گیا۔
سیکورٹی افسر نے عامر سے کہا کہ جو اللہ کا حکم، تمہارے نصیب میں نہیں ہے۔
عامر کے بقول انہوں نے جواب دیا کہ حج کی نیت کی ہے، ضرور جاؤں گا۔
مزید پڑھیں: 60 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج رواں سال حج سے محروم
اسی دوران جہاز میں کوئی تکینکی خرابی آئی اور جہاز واپس آگیا۔ عامر کی امید جاگ اٹھی اور پائلٹ سے کہا گیا کہ ایک حاجی رہ گیا ہے۔
جواباً پائلٹ نے کہا کہ انجن سٹارٹ ہے ، دروازہ نہیں کھل سکے گا۔ جہاز کی فنی خرابی کو درست کیا گیا اور ایک بار پھر جہاز پرواز کر گیا۔
سیکورٹی اہلکار نے ایک بار پھر متاثرہ شہری سے کہا کہ شاید تمہارے نصیب میں نہیں ہے۔ لیکن عامر نے جواب دیا کے حج کی نیت ہے ، ایئرپورٹ سے واپس نہیں جاؤں گا۔
اسی اثناء میں دوسری بار جہاز خرابی کے باعث واپس آتا ہے۔
اب کی بار پائلٹ کی جانب سے کہا گیا کہ ، جب تک عامر سوار نہیں ہوگا یہ جہاز نہیں اڑے گا۔
بعد ازاں مناظر دیکھنے کو ملے جس میں عامر کو جہاز کی طرف بڑھتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ کچھ تصاویر ایسی بھی دیکھنےکو ملی ہیں جن میں جہاز کے عملے کو عامر کے ساتھ تصاویر بنواتے دیکھا جاسکتا ہے۔
عامر کی احرام میں لپٹی تصاویر نے اللہ رب العزت پر پختہ ایمان رکھنے والوں کیلئے ہونے والے ایک اور معجزے کی طرف اشارہ کیا ہے۔