اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ پاکستان میں

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ پاکستان میں بھی ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے کل جمعہ کی نماز کے بعد ملک بھر میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ فلسطین کی حالیہ صورتحال پر حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم پرحکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ق، پاکستان مسلم لیگ ضیاء، نیشنل پارٹی کے سربراہان و سینیئر نمائندے شریک ہوئے۔
اجلاس میں شرکاء نے مشترکہ طور پر فلسطین میں 9 ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری اسرائیلی ظلم و بربریت پر غم و غصے کا اظہار کیا. شرکاء نے اسرائیلی مظالم کی پرزور مزمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا. اجلاس میں گزشتہ روز تہران میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا. اجلاس نے اتفاق کیا کہ یہ واقعہ فلسطینیوں پر جاری ظلم و بربریت بند کرنے اور خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش ہے.
مزید پڑھیں: کیا پاکستان اسماعیل ہنیہ پر حملے سے پہلے آگاہ تھا
اجلاس میں کل بعد از نمازِ جمعہ پورے ملک میں غائبانہ طور پر شہید اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پارلیمنٹ میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کیلئے ایک خصوصی قرارداد پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا.
شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پوری عالمی برادری کو مصلحت سے نکل کر یہ ظلم کی و بربریت روکنے کیلئے واضح اور دو ٹوک مؤقف اپنانا ہوگا، وگرنہ عالمی قوانین اور اداروں کی حیثیت آئندہ نسلوں کیلئے ایک سوالیہ نشان بن کر رہ جائے گی.