
مساجد صرف عبادت کیلئے نہیں ہوتیں بلکہ مسلمانوں کیلئے مسجد معاشرتی، تعلیمی، ملی اور تربیتی مرکز کا درجہ بھی رکھتی ہے۔
اسلیئے مسجد کو مسلمانوں کا کمیونٹی سینٹر بھی کہا جاتا ہے۔ ایسی ہی ایک مسجد اسلام آباد کے پوش ترین علاقے ایف ایٹ میں واقع ہے۔
اسلام آباد کی مسجد جہاں شادی کیلئے مفت ہال دیا جاتا ہے:
سینٹورس مال سے چند قدم کے فاصلے پر واقع جامع مسجد رحمت اللعالمین میں کئی فلاحی کام سر انجام دیئے جاتے ہیں۔ دستر خوان، مسجد کلینک و فارمیسی ، مسجد ٹیوشن، مسجد بیت المال اور بچوں کے تعلیم و تربیت کے مراکز شامل ہیں۔
تاہم مسجد میں نکاح جیسے فریضے کو آسان بنانے کیلیئے حیثیت نہ رکھنے والے جوڑوں کو مسجد سے ملحقہ حال میں مفت شادی کی تقریب منعقد کرنے کی سہولت بھی دی جاتی ہے۔
پاکستان میں ایک عام شادی میں ایک اوسطاً دس لاکھ تک کا خرچہ ہوجاتا ہے۔ روالپنڈی میں ایک شادی ہال چلانے والے بزنس مین نے میڈیا کو بتایا کہ یہ دس لاکھ تو صرف ہال کے کرائے اور اوسط کھانے میں ہی پورا ہو جاتا ہے۔
اگر ہال کو سجانا مقصود ہو یا اور کھانے کی ڈشز کا اضافہ کیا جائے تو اس سے اس خرچے کے دوگنا ہونے کے بھی امکانات موجود ہیں۔
اسلام آباد کی مسجد رحمت اللعالمین کی انتظامیہ کا کہناہے کہ نکاح کے فریضے کو آسان بنانے اور غریب والدین کی پریشانی کو کم کرنے کیلئے مسجد سے ملحقہ اس ہال میں مرد وخواتین کیلئے الگ الگ ہال موجود ہیں۔
یہاں کراکری ، بوفے اور ماڈرن فرنیچر وغیرہ شامل ہیں۔ یتیم اور نادار خاندانوں کی بیٹیوں کیلئے شادی کے تحائف اور کھانا تک مفت مہیا کیا جاتا ہے۔
مسجد کے فلاحی ادارے کیسے کام کرتے:
مسجد کے ترجمان کے بقول اس سہولت سے درجنوں خاندان مستفید ہو چکے ہیں اور اسکے ساتھ ساتھ مسجد میں شادی کرنے کیلئے لوگوں کا رحجان بھی بڑھا ہے جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔
مسجد کے 22 کے قریب فلاحی ادارے ہیں جو مخیر حضرات کے تعاون سے چلتے ہیں۔ لوگ اس کارخیر میں آن لائن امداد کے ذریعے بھی حصہ لیتے ہیں۔




2 Comments