
حج کے رکنِ اعظم وقوف عرفہ کیلئے حجاج کرام آج میدان عرفات میں جمع ہیں جہاں فضاء لبیک اللھم لبیک کی صداؤں سے معطر ہو رہی ہے۔
حج کے رکن اعظم کے دوران میدان عرفات میں واقع تاریخی مسجد نمرہ میں مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ صالح بن حمید نے خطبہ حج دیا۔
خطبہ حج کے دوران انہوں نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات پر زور دیتے ہوئے امت مسلمہ کو اس پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
خطبہ حج 2025 کے اہم نکات:
خطبہ حج 2025؛ فلسطین کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں:
خطبہ حج 2025 کے دوران امام شیخ صالح بن حمید نے فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعا فرماتے ہوئے کہا کہ "اے اللہ ! فلسطین کے بھائیوں کی مدد فرما۔ عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے والوں کو برباد کر اور ان کے قدم اکھیڑ دے۔”
فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصا دعا کراتے ہوئے امام حرم کی آواز رنجیدہ ہو گئی۔
رنجیدہ آواز میں امام حرم کا کہنا تھا کہ "اے اللہ! عرفات سے دعا کی جا رہی ہے تو فلسطین کے دشمنوں کو تباہ و برباد کر دے۔ عورتوں اور بچوں کے قاتلوں کو برباد کر دے ان میں تفریق ڈال ان کے قدم اکھیڑ دے۔”
خصوصی دعا کراتے ہوئے امام حرم کا مزید کہنا تھا کہ اے اللہ ! فلسطین کے بھائیوں کی مدد فرما شہداء کو معاف اور زخمیوں کو شفا عطا فرما۔
امت مسلمہ کیلئے خصوصی تلقین:
خطبہ حج کے دوران شیخ صالح بن حمید نے مسلم امہ کو ہدایت کی کہ چھوٹی سی چھوٹی نیکی کو بھی حقیر نہ جانیں اللہ فخر اور تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔
امام حرم نے امت مسلمہ کو تلقین کی کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کی پاسداری کرو جن چیزوں سے روکا گیا ان سے دور رہو۔
امام حرم کا مزید کہنا تھا کہ شیطان انسان کا دشمن ہے شیطان سے بچو۔
امت کو بدعت اور غیبت سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے امام حرم کا کہنا تھا کہ اللہ سے دعا مانگتے رہو اور اسی کی عبادت کرتے رہو۔
خطبہ حج میں امام حرم نے امت مسلمہ کو تاکید کی کہ نماز قائم کرو کیونکہ یہ اللہ اور بندے کے درمیان ایک بہترین رابطہ ہے۔
امام حرم نے مزید کہا کہ "رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ اے ایمان والو! اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے تم اللہ کو دیکھ رہے ہو یا پھر اللہ کی عبادت اس طرح سے کرو جیسے اللہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔”
امت مسلمہ کو مزید تلقین کرتے ہوئے امام حرم کا کہنا تھا کہ اللہ کی عبادت کرو اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو ۔ تقوی اختیار کرنے والوں کے لیے آخرت میں اچھا انجام ہے چھوٹی سی چھوٹی نیکی کو بھی حقیر نہ جانو۔ اللہ فخر اور تکبر کو پسند نہیں کرتا۔
امام حرم نے حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ حمد و ثنا بیان کرنے کا شکر بجا لانے کی تلقین کی ۔
انہوں نے کہا کہ "شکر کرو کہ اللہ نے یہ دن دکھایا ہے جس میں دعا قبول ہوگی لہذا اللہ سے گناہوں کی معافی مانگو۔”
مزید پڑھیں: 60 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج رواں سال حج سے محروم
مناسک حج جاری:
یاد رہے کہ حجاج کرام آج شام آذان مغرب تک میدانِ عرفات میں رہیں گے ۔ آذان مغرب کے بعد حجاج کرام نمازِ مغرب ادا کئے بغیر مزدلفہ روانہ ہوں گے۔
مزدلفہ پہنچنے کے بعد حجاج کرام مغرب اور عشاء کی نماز یکجا کر کے ادا کریں گے اور شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کرنے کے بعد کھلے آسمان تلے رات مزدلفہ میں ہی گزاریں گے۔
10 ذوالحجہ کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے روانہ ہوں گے۔ بڑے شیطان کو سات کنکریاں مارنے کے بعد حجاج قربانی کرنے کے بعد حلق کرا کے احرام کھول دیں گے۔
11 ذوالحجہ کو حجاج کرام چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں ماریں گے، رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے، 12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔
13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منیٰ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہو جائیں گے۔