اہم خبریںپاکستان

جسٹس سرفراز ڈوگر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تعینات

جسٹس عتیق شاہ کو بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، جسٹس جنید غفار چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جبکہ جسٹس روزی خان بڑیچ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ہوں گے۔

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد ہائیکورٹ، سندھ ہائیکورٹ ، پشاور ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ نے 26 ویں آئینی ترمیم کا کا فیصلہ پہلے کرنے کا اعتراض اٹھایا۔

جسٹس منیب اختر، پی ٹی آئی کے دو جوڈیشل کمیشن ممبران اور وزیر قانون خیبرپختونخوا نے بھی جسٹس منصور علی شاہ کی رائے سے اتفاق کیا۔

تاہم ان کی یہ استدعا مسترد ہوئی اور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیلئے ووٹنگ شروع ہوئی جس کے بعد چاروں ہائیکورٹس کیلئے چیف جسٹس کا انتخاب مکمل کر لیا گیا۔

 

جسٹس سرفراز ڈوگر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تعینات:

 

لاہور ہائیکورٹ سے ٹرانسفر ہو کر اسلام آباد ہائیکورٹ آنے والے جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس تعینات ہو گئے۔

ان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرانسفر کے وقت سے ہی ان کے بطور چیف جسٹس تعیناتی کی چہ مگوئیاں جاری تھیں۔

ان کے ٹرانسفر کے فوری بعد ہی اس وقت کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سنیارٹی لسٹ جاری کی جس میں ان کے بعد سینئر ترین جج جسٹس سرفراز ڈوگر ہی ٹھہرے۔

جسٹس عامر فاروق کی سپریم کورٹ میں ترقی کے بعد جب اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کا معاملہ آیا تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

تاہم سپریم کورٹ نے ججز کے تبادلے کو درست قرار دیا جس کے بعد صدر پاکستان نے اپنے اختیارات کا استعمال لاتے ہوئے سنیارٹی لسٹ میں جسٹس سرفراز ڈوگر کو سینئر ترین جج قرار دیا۔

جوڈیشل کمیشن کو تین سینئر ججز میں سے ایک کا انتخاب کرنا تھا جس میں قرعہ جسٹس سرفراز ڈوگر کے نام ہی نکلا جو کہ متوقع تھا۔

مزید پڑھیں: مخصوص نشستیں کھونے کے بعد پی ٹی آئی کے پاس قانونی راہ کیا ہے؟

تاہم جسٹس سرفراز ڈوگر کو صرف ایک ووٹ کی برتری سے منتخب کیا گیا اور یہاں جوڈیشل کمشین کے ممبران کی رائے منقسم نظر آئی۔

16 میں سے 9 ووٹ جسٹس  سرفراز کی حمایت جبکہ مخالف میں چھ ووٹ پڑے۔

4 ووٹ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، 2 جسٹس محسن اختر کیانی کے نام پڑے جبکہ جسٹس جمال خان مندو خیل نے کسی کو ووٹ نہ دیا۔

پی ٹی آئی کے دو ممبران نے جسٹس گل حسن کو ووٹ کیا جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی کی حمایت میں ووٹ ڈالنے والوں میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر شامل تھے۔

 

یوں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اب جسٹس سرفراز ڈوگر ہوں گے۔ اگرچہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی پانچ ججز کی جانب سے ججز سنیارٹی کیس میں نظرِ ثانی اپیل بھی دائر کی گئی تھی لیکن اس سے قبل کہ اس پر فیصلہ آتا مستقل چیف جسٹس کی تقرری عمل میں آگئی۔

 

سندھ، پشاور اور بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی منظوری:

 

جوڈیشل کمیشن نے جسٹس عتیق شاہ کو بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ سندھ ہائیکورٹ کیلئے مستقل  چیف جسٹس کا قرعہ جسٹس جنید غفار کے نام نکلا ۔

بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس روزی خان بڑیچ ہوں گے۔

 

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button