نظام گھٹنوںپر آچکا ہے، سالِ نو 2025 پر عمران خان کا حوصلہ افزاء پیغام

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سالِ نو 2025 پر اپنے چاہنے والوں کو مبارکباد اور شکریہ ادا کرنے کے ساتھ نوید سنائی کے جبر و فسطائیت کا نظام گھٹنوں پر آ چکا ہے، جلد جمہور کی فتح ہو گی۔
عمران خان کی آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے قوم کے نام سالِ نو 2025 کے حوالے سے شیئر کئے گئے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم کو سالِ نو مبارک ہو! یقینِ کامل ہے کہ سال 2025 حقیقی آزادی کا سال ہو گا۔ میں اپنی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے باوجود فسطائیت کے وقت کے فرعونوں کے سامنے جھکنے سے انکار کیا۔ 8 فروری کو بھی اپنا واضح فیصلہ سنایا، اور ایسی جماعت کو ووٹ دیا جس پر اس کا انتخابی نشان چھین کر عملاً پابندی لگا دی گئی تھی۔ استقامت اور ہمت کا استعارہ بن کر پاکستانی قوم باقی ماندہ سال بھی ڈٹ کر کھڑی رہی۔ آپ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
مزید پڑھیں:عمران خان کا ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کا جواب
بانی پی ٹی آئی نے قوم کے نام پیغام میں مزید کہا کہ ملک میں رائج فسطائی رجیم نے قوم کو خوفزدہ کرنے کے لیے ہر قسم کے جابرانہ و آمرانہ حربے آزمائے لیکن خوف کی ایک خاص مدت ہوتی ہے۔ اس نئے سال میں، میں جبر و فسطائیت کے پہاڑ توڑنے والوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے قوم کے خوف کے بت توڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اب پورا نظام اپنے گھٹنوں پر آ چکا ہے اور اپنی نوشتہ دیوار شکست کو مختلف حربوں سے موخر تو کر سکتا ہے لیکن ٹال نہیں سکتا۔ فتح انشاء اللہ جمہور کی ہو گی، اور بہت جلد ہو گی۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ رجیم چینج کا تجربہ نہ صرف قومی معیشت بلکہ ملک کے مکمل نظام پر بہت بھاری پڑا ہے۔ 6% شرح نمو پر ترقی کرتی معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ملک کو اب تک اس کھلواڑ سے 42 ارب ڈالرز کا نقصان ہو چکا ہے۔ شرح نمو 6.1% سے سکڑ کر 0.17% پر آ چکی ہے۔ اداروں اور انصاف کے نظام کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ فوجی عدالتوں سے سویلینز کی سزاؤں کے بیوقوفانہ فیصلوں نے عالمی برادری کو ملک پر تنقید کا ایک اور موقع فراہم کر دیا ہے۔