
عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری سے 23 دسمبر کو فیض آباد کے قریب ڈبل روڈ کے قریب منہ پر کپڑا لپیٹے 3 موٹر سائیکل سواروں نے آئی فون چھینا جس کی بعد خالد یوسف چوہدری نے تھانہ آئی نائن میں درخواست دائر کر دی جس میں یہ بتایا ہے کہ فون میں کلائنٹس کا اہم اور کانفیڈنشل ڈیٹا تھا۔
تاہم اب ان کی موبائل کا سراغ تو لگا لیا گیا لیکن جہاں یہ موبائل پایا گیا وہ انتہائی حیران کن ہے۔
خالد یوسف چوہدری کا موبائل انڈیا کیسے؟
آج اپنے ایکس اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ میں عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے لکھا کہ القادر کیس کی گزشتہ سماعت کی پیروی کے بعد 23 دسمبر کو فیض آباد راولپنڈی کے مقام پہ بزور خنجر کی نوک پہ میرا آئی فون موبائل چھین لیا گیا تھا جس کی رپورٹ بھی تھانہ آئی نائن اسلام آباد میں درج کروائی تھی اور آئی کلاوڈ سے لوکیشن ٹریکنگ کے لئے find my پہ بھی لگایا تھا۔
خالد یوسف نے لکھا کہ ابھی ایپل کمپنی نے مطلع کیا ہے کہ میرا آئی فون 13 پرو میکس بھارتی ریاست چھتیس گڑھ، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے درمیانی علاقے میں آن ہوا ہے۔
وکیل رہنما نے سوال اٹھایا کہ سنا تھا سمگلنگ افغانستان کے راستے ہوتی ہے مگر یہ بھارت کے ساتھ خفیہ راستے کب کھل گئے؟
مزید پڑھیں:خالد خورشید کو 34 سال سزا پر عمران خان کا رد عمل
عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ؛ مزید تاخیر ہونے کا اندیشہ:
دوسری جانب عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے کل یعنی کہ 6 جنوری کی تاریخ دی گئی تھی۔ لیکن ایک بار پھر اس تاریخ پر فیصلہ نہ سنائے جانے کی گونج ہے۔
اس بات کا انکشاف گزشتہ روز خفیہ حلقوں کے قریب سمجھے جانے والے صحافی حسن ایوب نے کی تھی جنہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ 6 جنوری کو بھی نہیں سنایا جائیگا ۔۔ فیصلہ تحریر کرنے میں مزید 8 سے 10 دن لگ سکتے ہیں یعنی فیصلہ 13 یا 14 جنوری کو آ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان کے خلاف فیصلہ 23 دسمبر کو سنایا جاناتھا۔ تاہم فیصلہ سنانے سے چند روز قبل ہی صحافی محمد مالک نے اور بعدازان دیگر کئی صحافیوں نے فیصلہ ملتوی ہونے کی پیشن گوئی کی تھی جس کے بعد ایسا ہو گیا تھا۔
اس وقت بھی فیصلہ بارے یہ پیشن گوئی سچ ثابت ہونے پر سوال اٹھا تھا کہ جب جج صاحب فیصلہ لکھ رہے ہیں تو صحافیوں کو پہلے کیسے معلوم ہوتا ہے۔اگر کل بھی اس کیس کا فیصلہ نہیں سنایا جاتا تو یہ ٹرائل کے بارے میں مزید شکوک وشبہات کو جنم دے گا۔