زخمی صائم ایوب کیلئے پی سی بی کا بڑا فیصلہ

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے صائم ایوب کو فوری علاج کے لیے لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ ڈاکٹروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ صائم، جو پہلے پاکستان کا سفر کرنے والے تھے، اب انگلینڈ جائیں گے۔ چیئرمین پی سی بی کا صائم سے فون پر رابطہ ہوا، انہوں نے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پی سی بی پریس ریلیز :
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق صائم ایوب کا انگلینڈ میں اسپورٹس آرتھو سپیشلسٹ ڈاکٹرز چیک اپ کریں گے کیونکہ پی سی بی کی جانب سے فوری طور پر تقرری کی گئی ہے۔ میڈیکل ٹیم پورے کیس کو دیکھ رہی ہے اور ڈاکٹر ممریز نے صائم کی میڈیکل رپورٹس انگلینڈ میں ماہرین کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ صائم ایوب شاندار اسٹائلش بلے باز اور پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں۔صائم کا علاج دنیا کے بہترین ہسپتال میں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ان کے علاج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔صائم پہلی دستیاب پرواز سے کیپ ٹاؤن سے لندن جائیں گے اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود ان کے ہمراہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں:صائم ایوب بمقابلہ فخرزمان
صائم ایوب کے زخمی ہونے کا افسوسناک واقعہ:
یاد رہےکہ صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کےپہلے دن فیلڈنگ کےدوران زخمی ہوگئے تھے جس سے ایم آر آئی کے دوران ان کا فریکچر پایا گیا۔
تاہم اب پی سی بی نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے صائم کا علاج بین الاقوامی سطح پر کرانےکا فیصلہ کیا ہے تاکہ سٹار بلے باز کو جلد از جلد قومی ٹیم میں واپسی کا موقع ملے اور وہ چیمپئنز ٹرافی میں اپنے چھکے چوکوں سے خون گرماتے رہیں۔