انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں نکھل جین نامی ایک شخص نے رنگ گورا کرنے والی کریم بنانے والی کمپنی کے خلاف مقدمہ جیت لیا ہے اور مذکورہ کمپنی کو 15 لاکھ روپے کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سنہ 2013 میں نکھل جین نامی نوجوان نے ایمامی نامی کمپنی کی رنگ گورا کرنے والی کریم خریدی جس کا یہ دعویٰ تھا کہ اگر تین ہفتے تک صبح شام اس کریم کو لگایا جائے تو چہرہ پیارا ہو جائے گا۔
سونے پر سہاگہ یہ کہ اس کپمنی نے اس پراڈکٹ کے اشتہار کیلئے مشہور اداکار شاہ رخ خان کو چنا۔
نکھل نے شاہ رخ سے متاثر ہو کر اس کریم کو خریدا جو کہ اس وقت 79 روپے میں دستیاب تھی۔ اسکے متواتر استعمال کے بعد بھی جب نکھل کو مذکورہ نتائج برآمد نہ ہوئے تو اس نے شکایت درج کرائی جس پر عدالت نے کمپنی کو قصوروار دیتے ہوئے جرمانہ عائد کیا۔
کمپنی نے فیصلے کے خلاف اپیل کی جس میں فیصلہ کمپنی کے حق میں آگیا لیکن نوجوان نہ ہمت نہ ہاری اور قانونی جنگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اور بالاآخر اب دہلی کے کنزیومر کمیشن نے ان کی درخواست کو درست تسلیم کرتے ہوئے کمپنی کو 15 لاکھ کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔
مزید پڑھیں:خبردار ! اب گالی دینے پر 500 روپے جرمانہ ہوگا
کمیشن نے پایا کہ کمپنی نے گمراہ کن اشتہار نشر کیا اور کریم پر ادھوری معلومات درج کیں۔
کمپنی نے اپنے دفاع میں مؤقف اپنایا تھا کہ صارف نے کریم کو درست استعمال نہیں کیا۔ کریم کے ساتھ انسان کو غذا کا خیال رکھنا ہوتا ہے، ورزش بھی کرنا ہوتی ہے اور صفائی ستھرائی کا خیال بھی رکھنا ہوتا ہے۔
تاہم کمپنی نے یہ سب معلومات کریم کے ڈبے یا معلوماتی پرچے پر درج نہیں کیں تھیں جس پر ان کا یہ دفاعی وار خالی گیا اور کنزیومر کمیشن نے یہ بھاری جرمانہ عائد کیا۔
نکھل جین کا کہنا تھا کہ سماج میں گورا نظر آنے کادباؤ بڑھتا رہتا ہے اور جب میں نے یہ کیس جیتا تھا تو بوجھ ہلکا ہو گیا تھا۔