مون سون سے سیلابی صورتحال ، سلسلہ کب تک جاری رہےگا؟

ملک بھر میں مون سون سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور کئی علاقوں میں بارشوں نے گزشتہ سال کے سارےریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ لاہور میں ہونے والی بارش نے گزشتہ 44 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا جس سے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے ریکارڈ کئے گئے پیمانے کے مطابق لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ گزشتہ 44 سالوں سے زائد ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل 332 ملی میٹر بارش 1980 میں ہوئی تھی۔
لاہور میں ہونے والی اس بارش سے تعلیمی ادارے، ہسپتال، کاروباری مراکز سمیت پورا شہر پانی میں ڈوبا ہے جبکہ کئی مقامات پر مالی نقصان کے ساتھ جانی نقصان کے کی بھی اطلاعات ہیں۔ صحافی مغیث علی کے مطابق بحریہ ٹاؤن فیز 6 میں ایک لڑکی برساتی نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ دنوں راولپنڈی میں بھی ریکارڈ بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تھی اور راجہ بازار سمیت شہر کے مختلف علاقے زیر آب آگئے تھے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی معیشت خطرے میں
تاہم محکمہ موسمیات نے مزید خطرے کے گھنٹی بجا دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ جمعرات یکم اگست سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کے امکانات ہیں۔
پنجاب ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی نے ملک بھر میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی وارننگ دیتے ہوئے تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں ہیں جبکہ بونیر، بنوں، کرم، وزیرستان، ڈی آئی خان، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی کے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے
لاہور میں مون سون سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے بعد سے وزیراعلیٰ مریم نواز بھی شدید تنقد کی زد میں ہیں۔ تاہم اب مریم نواز خود میدان میں آگئی ہیں اور پانی کے نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔