
قاضی فائز عیسیٰ کی مدت ملازمت میں توسیع کی قیاس آرائیوں سے دھول چھٹنے لگی ہے اور اب بات ان کی ریٹائرمنٹ پر کیٹرنگ کے سامان کا ٹھیکہ دینے تک پہنچ چکی ہے۔
سینئر کورٹ رپورٹر عدیل سرفراز نے انکشاف کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے چیف جسٹس کی الوداعی پارٹی کیلئے کیٹرنگ کے سامان کیلئے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اس سے قبل سپریم کورٹ میں ہونے والی تقریبات کیلئے ساز و سامان مونال ریسٹورنٹ سے آیا کرتا تھا لیکن اب کی بار مونال ریسٹورنٹ تو نہیں ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے بینچ نے قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں مونال ریسٹورنٹ کو برقرار رکھنے کی درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد مونال ریسٹورنٹ کو ملبے کا ڈھیر کر دیا گیا۔
عدیل سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے چیف جسٹس کو جو سبز باغ دکھائے گئے تھے حکومت اس پر عمل پیرا نہیں ہے اور چیف جسٹس کیلئے منصور علی شاہ کے نوٹیفکیشن کی بازگشت ہے۔
چیف جسٹس کی الوداعی پارٹی کیلئے کیٹرنگ کا سامان آنے کے علاوہ ان کی جانب سے معاملات صلح صفائی کی طرف لے جانی کی خبریں بھی زیر گردش ہیں۔
مزید پڑھیں:قاضی فائز عیسیٰ؛ رخصتی میں صرف 11 دن
اس حوالے سے قاضی فائز عیسیٰ کے قریبی سمجھے جانے والے صحافی عمران وسیم نے گزشتہ روز خبر جاری کی جس میں انکا کہنا تھا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی ججز تلخیاں دور کرنے کیلئے متحرک ہو گئے ہیں ۔ ذرائع جسٹس یحییٰ آفریدی کی چیف جسٹس قاضی فائز عیسی سے تلخیوں کے معاملہ پر بات چیت ہوئی ۔ جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بات پر حامی بھرلی۔
عمران وسیم کے مطابق جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے تلخیاں دور کرانےکے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
کیا چیف جسٹس جانے سےپہلے وہ تمام معاملات درست کر پائیں گے جس میں انہوں نے ساتھی ججز سے اندرونی اختلافات کو میڈیا کی زینت بنا کر خبروں کے ڈھیر لگا دیئے؟ یہ بات ابھی کہنا قبل از وقت ہے کیونکہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں اب گنتی کے روز باقی ہیں یعنی کہ وقت کم مقابلہ سخت۔