
عمران خان کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے نامزد کیئے جانے کے بعد بیرسٹر گوہر علی خان نے پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔اس سے قبل وہ پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ رکھتے تھے اور انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کی نمائندگی بھی کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے ساتھی وکلاء کے ساتھ ملاقات بھی کی جس میں انہوں نے جلد از جلد فیصلہ سنانے کی درخواست کی ۔ فیصلہ آ نے کے بعد انہوں نے الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصلہ چیلنج کرنے کا بیان دیا۔ تاہم عمران خان کی جانب سے انٹر پارٹی الیکشن کرانے کی ہدایت کے بعد فیصلہ چیلنج نہ کیا گیا۔
نگران چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے کیلئے نامزد ہونے کے بعد اب بیرسٹر گوہر علی خان چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی نہیں رہیں گے۔ ان کی جگہ سینئر وکیل نیاز اللہ نیازی نے پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمنشر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
نئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کون ہیں؟
پی ٹی آئی قیادت نے بیرسٹر گوہر علی خان کو پارٹی چیئرمین نامزد کردیا اور ان کا۔ نام خود عمران خان نے منتخب کیا ہے
مزید پڑھیں: کیا مائنس عمران خان ہو چکا ہے؟
پی ٹی آئی میں شمولیت سے قبل وہ پیپلز پارٹی کا اہم سیاسی رکن تھے اور 2008میں وہ پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ بھی لے چکے تھے۔بیرسٹر گوہر علی خان کو ان کی قابلیت اور سیاسی سوجھ بوجھ کی وجہ سے ہی عمران خان نے ان کو نامزد کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے برطانیہ کی ولورہیپمٹن یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا جبکہ امریکہ سے واشنگٹن سول آف لاء میں ایل ایل ایم کیا۔بیرسٹر گوہر علی خان کی بات کی جائے تو ان کا تعلق خیبرپختونخواہ کے ضلع بونیر سے اوروہ سپریم کورٹ کے وکیل ہیں۔
انہوں نے 2022میں پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی تھی لیکن وہ پارٹی اور عمران خان کے عدالتی معاملات 2015سے دیکھتے چلے آرہے ہیں۔