کیون پیٹرسن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے پریشان کیوں

پاکستان کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی پر پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ اب بین الاقوامی سطح پر بھی آواز اٹھنے لگ گئی ہے اور قومی ٹیم کو کیا ہو گیا ہے؟ اس حوالے سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
ایسی ہی ایک فکرمندانہ پوسٹ سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن کی جانب سے بھی سامنے آئی جو پاکستانی ٹیم کے زوال کے اسباب جاننےکیلئے فکرمند دکھائی دیئے۔
اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے کیون پیٹرسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کو کیا ہوا؟ جب میں نے پی ایس ایل کھیلا تو اس لیگ کا معیار بہت شاندار تھا، کھلاڑیوں کا کام کرنے کا انداز بہت اچھا تھا اور نوجوان کھلاڑی جادوئی کارکردگی دکھا رہے تھے۔ وہاں کیا ہو رہا ہے؟
یاد رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چپمیئن شپ کے حوالے سے دو میچز کی ٹیسٹ کی سیریز کیلئے بنگلہ دیش ٹیم اس وقت پاکستان میں موجود ہے۔
جن دنوں بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان آئی انہی دنوں بنگلہ دیش میں حکومت کا تختہ الٹ چکا تھا اور کئی ہفتوں کے احتجاج کے باعث بنگلہ دیش ٹیم پریکٹس بھی نہیں کر پائی تھی۔
مزید پڑھیں:بنگلہ دیش سے شکست ، محسن نقوی ڈٹ گئے
تاہم اس بنگلہ دیشی ٹیم نے پاکستان کے ہوم گراؤنڈ پر قومی ٹیم کو 10 وکٹ سے شکست دے کر سیریز 0-1 سے اپنے نام کر لی جس کے بعد پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔
سب سے زیادہ تنقید کی زد میں چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ہیں۔ ان سے استعفیٰ کی مانگ بھی کی جارہی ہے لیکن نقوی صاحب کا کہنا ہے کہ وہ کسی کی فرمائش پر کبھی گھر نہیں جائیں گے۔
اس سے قبل ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم کی جانب سے بدترین کارکردگی کا اظہار کیا گیا تھا جہاں قومی ٹیم ایک نومولود امریکن ٹیم سے میچ ہار گئی تھی اور ورلڈکپ کے پہلے راؤنڈ سے باہر بھی ہو گئی تھی۔