
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر پاکستان نے ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ برادر ملک ایران سے یکجہتی کیلئے ایک روزہ سوگ منائیںگے اور اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی ایرانی صدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس سے قبل ایران کے نائب صدر محسن منصوری نے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سمیت دیگر تمام مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ایک سینیئر ایرانی اہلکار نے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے روئٹرز کو بتایا کہ صدر رئیسی، وزیر خارجہ اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام مسافر حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
دریں اثناء ایران کی مہر خبررساں ایجنسی نے صدر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے تمام مسافر شہید ہو گئے۔
63 سالہ صدر رئیسی اور دیگر اعلیٰ حکام کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ ایران کی سرحد پر ایک ڈیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ رہا تھا کہ ہیلی کاپٹر ملک کے علاقے ورزقان میں شدید دھند کے درمیان پہاڑی علاقے سے پرواز کرتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا۔
مزید پڑھیں:کیا ایرانی صدر کا دورہ پاکستان پر عالمی پابندیاں لا سکتا ہے؟
ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ خراب موسم حادثے کا سبب بنا اور بچاؤ کی کوششوں کو پیچیدہ بنا رہا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA نے کہا کہ رئیسی امریکی ساختہ بیل 212 ہیلی کاپٹر میں پرواز کر رہے تھے۔
IRNA نے بتایا کہ صدر اور وزیر خارجہ کے علاوہ، مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی، مشرقی آذربائیجان صوبے میں سپریم لیڈر کے نمائندے محمد علی الہاشم اور متعدد دیگر افراد بھی حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔
ایرانی فوج کے چیف آف سٹاف نے فوج اور پاسداران انقلاب کے تمام وسائل کو تلاش اور بچاؤ کے کاموں میں استعمال کرنے کا حکم دیا ہے۔دریں اثنا، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اس سے قبل ایرانیوں کو یہ یقین دلانے کی کوشش کی تھی کہ ریاستی امور میں کوئی خلل نہیں پڑے گا۔
قبل ازیں، امدادی ٹیموں نے رات بھر برفانی طوفانوں اور دشوار گزار علاقوں کا مقابلہ کیا تاکہ پیر کے اوائل میں ملبے تک پہنچ سکیں۔ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا: حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کی جگہ کی دریافت کے بعد زندہ بچ جانے والوں کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔
اس سے قبل قومی نشریاتی ادارے نےایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر پاکستان نے ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ کے لیے ملک بھر میں ہونے والی دعاؤں کو دکھانے کے لیے تمام باقاعدہ پروگرام بند کر دیے تھے۔کئی ممالک نے تشویش کا اظہار کیا اور کسی بھی ریسکیو میں مدد کی پیشکش کی۔