
پاکستان بھر میں آج عید الاضحیٰ کا جشن مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسلام آباد کی فیصل مسجد، راولپنڈی کے عیدگاہ گراؤنڈ، کراچی کی سبیل والی مسجد اور لاہور کی بادشاہی مسجد سمیت تمام بڑی مساجد میں نمازِ عید ادا کی گئی۔
نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔
صدر آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے بھی قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی گئی اور اپنے پیغامات میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اخوت، ایثار، محبت اور اخلاص کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر اپنی عملی زندگی میں اس کا اظہار کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں:عیدالاضحیٰ پر کونسی نئی فلمیں ریلیز ہوں گی؟
عید کے اس مسرت موقع پر عسکری قیادت نے بھی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے وطن کی آزادی اور امن کے لیے شہداء اور غازیوں کے قرض دار ہیں۔ صدر آصف زرداری نے نوابشاہ میں عید منائی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں نماز عید ادا کی۔
آج پورے ملک بھر میں عید کی خوشیوں کے ساتھ ساتھ فلاحی سرگرمیاں بھی سرانجام دی جارہی ہیں۔ مختلف فلاحی تنظیمیں اور افراد قربانی کا گوشت غریبوں اور ضرورت مندوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔ بازاروں اور مویشی منڈیوں میں بھی غیر معمولی رونق دیکھنے کو ملی، جہاں لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ قربانی کے جانور خریدے۔یوں ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا دن مذہبی جوش و جذبے اور محبت کے ساتھ منایاجارہا ہے.
One Comment