
پی ٹی آئی جلسے کے دوران شہر بھر میں کنٹینر لگانے پر جماعت اسلامی کا ردعمل سامنے آگیا۔ ترجمان جماعت اسلامی اسلام آباد عامر بلوچ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد شہر کو کالونی بنا دیا گیا ہے حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کو آئے روز محصور کر دیا جاتا ہے ۔ اسلام آباد شہر کے معمولات زندگی کو بدترین طریقے سے متاثر کر دیا گیا ، ہر گلی کوچے بازار میں حکومتی کنٹینرز سے راستے بلاک ہیں جب فریقین میں معماملات طے پا گئے تھے تو عوام کو زلیل کیوں کیا گیا۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جلسے کا این او سی جاری کرنے کے بعد شہر کو بلاک کرنا سمجھ سے بالا تر ہے ۔شہر کی گزرگاہیں بند کرنے سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے ہسپتال ، دیگر شہروں اور ائیرپورٹ جانے والوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے ۔ کنٹینرز ہٹا کے اسلام آباد کے راستے کھولے جائیں شہر کے معمولات زندگی کو بحال کیا جائے۔
مزید پڑھیں: جلسے سے پہلے پی ٹی آئی کے خلاف ایک اور بڑا فیصلہ
یاد رہے کہ آج پی ٹی آئی کے جلسے کے موقع پر اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر جگہ جگہ کنٹینر لگا دیئے گئے جس سے شہر میں لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی اور مخالفین میں جلسے کی کرسیاں اور لوگ آئے یا نہیں آئے کی بحث اور ویڈیوز بھی چلتی رہیں۔ اس دوران پی ٹی آئی کی جانب سے کچھ پرانی ویڈیوز بھی شیئر کی جاتی رہیں۔
اس ساری بحث میں صحافیوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اب یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ صحافی بھی اب پارٹیوں کی شکل میں موجود ہیں۔ جہاں سیاست پی ٹی آئی بمقابلہ باقی پارٹیاں ہے، اسی طرح صحافی بھی اب انہی دو دھڑوں میں دکھائی دیتے ہیں۔