دلہن نہ ڈھونڈ کے دینے پر رشتہ ویب سائٹ کو بھاری جرمانہ

ٹیکنالوجی کے اس دور میں ہم سفر کی تلاش بھی اب ڈیجیٹل ہو گئی ہے۔ آپ آئے روز ایسی ایپ یا ویب سائٹس کے دعوت نامے دیکھتے ہوں گے جو آپکو ہمسفر ڈھونڈ کے دینے کے دعویدار نظر آتے ہیں۔ اس میں سے کچھ ویب سائٹ اپنا کام احسن طریقے سے انجام بھی دے رہی ہیں لیکن بہتر طریقے سے کام نہ کرنا اب خطرناک بھی ہوسکتا ہے۔
انڈیا میں ایسا ہی ایک واقعہ دیکھنے کو ملا جہاں دلہن نہ ڈھونڈ کے دینے پر میچ میکنگ ویب سائٹ پر 60 ہزار انڈین روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلورو میں کام کرنے والی میچ میکنگ سائٹ دل میل میٹریمنی نامی سے وجئے کمار نامی شخص نے اپنے بیٹے کے ضروری ڈاکیومنٹ اور تصاویر کے ساتھ 17 مارچ 2024 کو رابطہ کیا اور بتایا کہ انہیں اپنے بیٹے کیلئے دلہن چاہیے۔
کمپنی نے ان سے 30 ہزار روپے فیس وصول کی اور انہیں بتایا کہ 45 دن کے اندر وہ انہیں اہل خواتین کی پروفائل بھیجیں گی۔ جب دل میل میٹریمنی مناسب رشتہ تلاش نہ کرسکی تو کئی چکر کاٹنے کے بعد وجئے کمار نے 30 اپریل 2024 کو اپنی رقم کی واپسی کا مطالبہ کر دیا ۔ لیکن دفتر نے ان کی یہ درخواست منظور کرنے سے انکار کر دیا۔ صارف نے دفتر اراکین کی جانب سے بدتمیزی کی شکایت بھی کی۔
مزید پڑھیں: مونال کی جگہ اب کیا بنےگا؟
صارف نے کمپنی کو قانونی نوٹس بھجوایا لیکن کمپنی نے جواب نہ دیا۔ جس کے بعد 28 اکتوبر کو ایک صارف عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے متعلقہ کمپنی کو حکم جاری کیا کہ سروس کی فراہمی میں ناکامی پر کمپنی وجئے کمار کو 30 ہزار روپے چھ فیصد سود کے ساتھ واپس کرے گی۔ کمپنی خدمات میں فراہمی میں کمی بیشی پر 20 ہزار جبکہ ذہنی اذیت اور قانونی کارروائی کیلئے 5 ہزار انڈین روپے ادا کرنا ہوں گے۔
کمپنی کا مؤقف ہے کہ دو صورتوں میں کمپنی پیسے واپس کرنے کی مجاز ہے، ایک یہ کہ اگر وعدہ کی گئی سروس فراہم نہ کی جائے یا کلائنٹ کو کہیں اور سے بہتر میچ مل جائے۔
یہ سب فارم میں درج ہے جس پر کلائنٹ نے دستخط بھی کئے۔