سعودی عرب میں روڈز جنرل اتھارٹی (آر جی اے) نے ڈرائیورز کو ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنے کی تاکید کی ہے۔تفصیلات کے مطابق، اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بعض مقامات پر گاڑی کا ہارن بجانا نہ صرف خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے دوسروں کو تکلیف بھی پہنچ سکتی ہے، اسی وجہ سے ڈرائیورز کو اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیےکہ کن مقامات پر ہارن بجانے سے گریز کرنا چاہیئے.
اتھارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک انفوگرافک جاری کیا ہے جس کا موضوع ‘کہاں ہارن بجانا منع ہے’ رکھا گیا ہے۔ اس انفوگرافک میں یہ صاف صاف واضح کیا گیا ہے کہ ہارن بجانے سے گریز کرنا چاہیے جہاں شور کرنے پر پابندی ہو، جیسے کہ اسکول، ہسپتال، اور ایمرجنسی سینٹرز، کیونکہ یہ بات تہذیب اور شائستگی کے خلاف بھی ہے۔ شاہراہوں پر ایسے مقامات کی وضاحت کے لیے سائن بورڈز بھی لگائے گئے ہیں جن کی پابندی کرنا ڈرائیورز کے لیے لازمی قرار دے دیا ہے۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب میں حساس معلومات کے تحفظ کےسخت قوانین
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایسی جگہوں سے گزرتے وقت ڈرائیورز کو خاموشی سے گزرنا چاہیے اور ہارن بجانے سے پرہیز کرنا چاہیےجیسے اسکولوں میں طلباء کو تعلیم کے لیے پرسکون ماحول چاہیئے ہوتا ہے جبکہ ہسپتالوں میں مریضوں کو آرام اور سکون کی ضرورت ہوتی ہے ،اسی لیے ایسے مقامات پر ہارن بجانا نہایت نامناسب سمجھا جاتا ہے۔
اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ ہارن بجانے کے عمل سے نہ صرف غیر ضروری شور پیدا ہوتا ہے بلکہ یہ دوسرے لوگوں کی پریشانی کا سبب بھی بنتا ہے۔ اس لیے ڈرائیورز کو چاہیے کہ وہ ان مقامات پر ہارن بجانے سے گریز کریں جہاں شور کرنا منع ہے.علاوہ ازیں، اتھارٹی نے ڈرائیورز کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ گاڑی چلاتے وقت دوسرے لوگوں کے سکون اور آرام کا خیال رکھیں۔