2014 میں معرضِ وجود میں آنے والی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن تعلیم، صحت، ایمرجنسی سروسز، صاف پانی کی فراہمی اور کھیل جیسے شعبوں میں عوام زندگی میں آسانی پیدا کر رہی ہے۔
ایسی ہی ایک سہولت کوہاٹ میں واقع صاحبزادہ فضل رحمان چیرٹی ہسپتال ہے جو معروف کرکٹر شاہد خان آفریدی کے والد کے نام پر بنایا گیا ہے۔
شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے مطابق رواں سال ٹنگی بانڈہ کوہاٹ، جہاں صحت کی سہولیات بہت قلیل ہیں، صاحبزادہ فضل رحمان چیرٹی ہاسپٹل نے اس سال 25 ہزار افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کی ہیں۔
2014 سے قائم ہونے والا یہ ہسپتال ضرورت مند افراد کیلئے امید کی کرن ہے جہاں علاج معالجہ سرجریز اور مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔
شاہد خان آفریدی نے اس سال 25 ہزار افراد کی خدمت کرنے والے اس ادارے کی کامیابی پراپنے ایکس اکاؤنٹ پہ لکھا کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں سے میرا اور فاؤنڈیشن کا سفر شروع ہوا۔ میرے والد کے نام پر بنایا گیا یہ اسپتال آج نہ صرف ٹنگی بانڈہ، کوہاٹ بلکہ لاکھوں لوگوں کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے۔ یہی وہ بنیاد ہے جس نے فاؤنڈیشن کے خواب کو حقیقت کا راستہ دکھایا۔
مزید پڑھیں:شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا منی ایم بی اے پروگرام کیا ہے؟
گزشتہ دنوں ایک شو کے دوران شاہد خان آفریدی نے انکشاف کیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت سیاست میں قدم رکھنا چاہتے تھے لیکن ان کے فیملی ممبر انہیں اس بات سے منع کرتے رہے کہ ان چیزوں سے دور رہیں۔ بعد ازاں 2021 میں انہوں نے واقعی سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ لے لیا۔ لیکن وہ اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے عوامی خدمت کے اس مشن پر گامزن ہیں۔
دوسری جانب شاہد خان آفریدی ایک بار پھر نانا بن گئے ہیں اور اس خوشی کا اظہار بھی انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایکس اکاؤنٹ سے کیا تھا جہاں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی بیٹی اقصیٰ کو بیٹی سے نوازا ہے۔