اہم خبریںپاکستانعوام

شہریوں کو بینکوں سمیت دیگر جگہوں پر بائیومیٹرک مسائل، نادرا کی وضاحت آ گئی

پاکستان میں شہریوں کی تصدیق کا سسٹم / بائیو میٹرک سسٹم ہر جگہ لازم تو کر دیا گیا ہے لیکن یہ سسٹم عوام کیلئے سہولت کی بجائے زحمت بن گیا ہے۔
شہری بینکوں میں لمبی لائنوں میں لگ کر اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں اور باری آنے پر پتا چلتا ہے کہ بائیومیٹرک سسٹم کام نہیں کر رہا۔
شہریوں کو سم نکلوانے سمیت دیگر آن لائن پراسس کیلئے بائیومیٹرک سسٹم پر انحصار کرنا پڑتا ہے لیکن یہ سسٹم اتنا بوجھ اٹھانا سے قاصر نظر آتا ہے۔

جب عوام بینکوں اور دیگر مقامات پر بائیومیٹرک سسٹم کی خرابی پر دہائی دیتی ہے تو سارے ادارے ملبہ نادرا پر ڈال دیتے ہیں اور خود بری الذمہ ہو جاتے ہیں۔
گزشتہ چند دنوں سے بائیومیٹرک سسٹم کی خرابی کے شکایات اور نادرا پر عوامی غم و غصے کے بعد نادرا کی جانب سے وضاحت آ گئی۔

: نادرا کی وضاحت

شہریوں کو بینکوں اور موبائل کمپنیوں میں پیش آنے والے بائیو میٹرک تصدیق کے مسائل پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے واضح کیا ہے کہ نادرا کا نظام بھر پور طریقے سے کام کر رہا ہے اور شہریوں کو تصدیق میں پیش آنے والے مسائل کا سبب نادرا کا ڈیٹا میں ہر گز نہیں ہے۔ بینکوں اور ٹیلی کام اداروں کے ریگولیٹری تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے نادرا انہیں تصدیق کی خدمات فراہم کرتا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں تمام بینک اور مالیاتی ادارے اپنے صارفین کی تصدیق کے لئے نادرا کے دیریس سسٹم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور یہ نظام ان اداروں کو پہلے ہی فراہم کیا جا چکا ہے۔ اس نظام کے ذریعے انتہائی محفوظ طریقے سے شناخت کی تصدیق کی جاسکتی ہے جس سے انگلیوں کے نشانات کے   ذریعے تصدیق کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: بریسٹ کینسر کی تشخیص اب مصنوعی ذہانت سے قبل از وقت ممکن

موبائل سم کے اجراء اور ٹیلی کام کی دیگر خدمات کے سلسلے میں پی ٹی اے نے موبائل کمپنیوں کے ساتھ مل کر نادرا کی مدد سے ایک نظام وضع کیا ہوا ہے اور صارفین کسٹمر سروسز سنٹرز اور منتخب فرنچائزیز پر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پی ٹی اے کی طرف سے وضع کئے گئے طریقہ کار پر عمل کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں اپنی متعلقہ موبائل کمپنی اور پی ٹی اے کو شکایت درج کرائیں۔ پی ٹی اے کو یہ شکایات اس کی ویب سائٹ پی ٹی اے سی ایم ایس ایپ یا ٹول فری نمبر (080055055) کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہیں۔

:   انگلیوں کے نشانات کے مسائل پیش آنے والے شہریوں کیلئے خوشخبری

نادر کی جانب سے کہا گیا کہ جن شہریوں کو انگلیوں کے نشانات کی تصدیق میں مسائل پیش آتے ہیں ان کی ہر ممکن سہولت یقینی بنانے کے لئے نادرا، اسٹیٹ بینک اور پی ٹی اے کے ساتھ مل کر چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کا متبادل نظام متعارف کروا رہا ہے۔ نادرا کی جانب سے شہریوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق میں پیش آنے والی مشکلات پر قابو پانے کے لئے انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ منظوری کی کارروائی مکمل ہوتے ہی نادرا کی جانب سے چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی سہولیات تمام بینکوں اور ٹیلی کام اداروں کو فراہم کر دی جائیں گی جس کی بدولت تمام شہری کسی پریشانی کے بغیر محفوظ طریقے سے تصدیق کی کارروائی مکمل کر سکیں گے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button