قاضی فائز عیسیٰ نے دو ملکوں کی ٹکٹ کٹا لی

جمعیت علمائے اسلام ف کے سینئر رہنما اور لیگل ایڈوائزر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے انکشاف کیا ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ نے استنبول اور سعودی عرب کے ٹکٹ کٹا لی ہیں۔
یہ انکشاف انہوں نے نجی نیوز چینل پر صحافی حامد میر کے شومیں کیا۔ ایک سوال کے جواب میں کامران مرتضیٰ نے انکشاف کیا کہ انکی معلومات کے مطابق استنبول اور عمرے کی ٹکٹ کٹا لی ہے۔ استنبول میں ان کی ہمشیرہ بیمار ہیں اور وہ جانا چاہ رہے ہیں۔ جس کے بعد عمرہ کی بھی ادائیگی ہے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ کا مزید کہنا تھا کہ عمل سے تو لگ رہا ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ ریٹائرمنٹ کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں۔ 25 اکتوبر کو انہیں بار کی طرف سے فیئر ویل دے کر عزت کے ساتھ رخصت کیا جائے گا۔
صحافی احمد وڑائچ نے بھی یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے قاضی فائز عیسیٰ کے ٹکٹ کٹانے کے معاملے کو سامنے رکھا جس پر سوشل میڈیا صارف نے نامکمل جملہ تحریر کرتے ہوئے لکھا کہ نو سو چوہے کھا کے؟
مزید پڑھیں:گزشتہ 11 سال میںچیف جسٹس بننے والوں کے نوٹیفکیشن کتنے دن پہلے ہوئے
دوسری جانب حکومت کے تیور بتا رہے ہیں کہ وہ کسی طور قاضی فائز عیسیٰ کو جانے نہیں دے سکتے۔ اس حوالے سے سینئر صحافی عیسیٰ نقوی کا کہنا ہےکہ انہیں ن لیگ کے لوگ کہتے ہیں کہ اگر حکومت اپنے ترامیم پاس نہیں کرا پاتی تو آئینی ترامیم ان کیلئے گناہِ بے لذت ہوگا۔
اس کے علاوہ ابھی 11 دن رہ جانے کے باوجود ابھی تک نئے چیف جسٹس کیلئے منصور علی شاہ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا ہے۔ میڈیا پر جاری معلومات میں شنید ہے کہ حکومت پہلے تین سینئر ججز میں سے کسی ایک کو چیف جسٹس لگانے کی آئینی ترمیم لانا چاہتی ہے۔
اگر ایسا ہوجاتا ہے تو حکومت قاضی فائز عیسیٰ کے جانے کی صورت میں جسٹس یحییٰ آفریدی کو بطور چیف جسٹس نوٹیفائی کر سکتی ہے ۔ لیکن عیسیٰ نقوی کے مطابق جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس بنایا گیا تو ان کی مدت ملازمت میں ابھی ساڑھے پانچ سال باقی ہیں اور یوں وہ پانچ سال کیلئے چیف جسٹس بن جائیں گے۔