معروف سیاسی شخصیت کونسلر قیصر عباس گوندل کو برٹش پاکستانی مئیرز ایسوسی ایشن کا وائس چئیرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے چئیرمین جناب مشتاق لاشاری سی بی ای نے کہا کہ برطانیہ میں اس وقت سینکڑوں برٹش پاکستانی مئیرز، ڈپٹی مئیرز اور کونسلرز ہیں جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔
کونسلر قیصر عباس نے بحثیت کونسلر اور تھرک کونسل کے انچاسیوں ڈپٹی مئیر کے جس طریقے سے تمام قومیتوں اور مذاہب کے لوگوں کو سپورٹ کیا ہےوہ دوسروں کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے بے لوث اور بلا تفریق برطانیہ اور پاکستان میں عوامی فلاح کے کام کیے ہیں اور وہ اس عہدے کے لئے موزوں شخص ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ برٹش پاکستانی مئیرز ایسوسی ایشن کے لئے بھی اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر کونسلر قیصر عباس گوندل نے بات کرتے ہوئے کہا کہ” میرے لئے بی پی ایم اے کا وائس چئیرمین منتخب ہونا ایک اعزاز کی بات ہے۔ میں اس تعیناتی پر چیئرمین، جنرل سیکرٹری اور ایکزیکٹو کمیٹی کا مشکور ہوں۔ میں کوشش کروں گا کہ برٹش پاکستانی میئرز و ڈپٹی مئیرز اور دیگر اداروں کے درمیان ایک مثبت کردار ادا کروں اور تنظیم سے ملحق معزز اراکین کے وقار میں مذید اضافہ ہو۔”
مزید پڑھیں:جنوبی ایشیائی ثقافتی ورثے کے مہینے کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد
کونسلر قیصر عباس لندن کی نواحی کونسل تھرک (ایسکس) سے 2018 میں پہلی مرتبہ کونسلر منتخب ہوئے۔ وہ 2022 میں کیبنٹ ممبر فارکلچر و کمیونٹیز اور 2023 میں تھرک کونسل کے انچاسیوں ڈپٹی مئیر منتخب ہوئے۔ آجکل وہ شیڈو کیبنٹ ممبر فار کمیونٹی پارٹنرشپس کے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔ وہ ان عہدوں پر منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی و مسلمان ہیں۔ انہوں نے اپنی کونسل میں مسلمانوں اور نیپالیوں کے لئے علیحدہ قبرستان، ہندوؤں کے لئے پہلی عبادتگاہ سمیت درجنوں کام کروائے ہیں۔ ان کی سیاسی و سماجی خدمات کے اعتراف میں انکو مختلف اداروں و تنظیموں کی طرف متعدد ایوارڈز مل چکے ہیں اور وہ مختلف ٹی وی چینلز پر بھی باقاعدگی سے بطور مبصر شرکت کرتے ہیں۔