عمران-خان

قید میں 500 دن مکمل ہونے پر عمران خان کا اڈیالہ جیل سے قو م کے نام پیغام

عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ کیا گیا ہے جسے عنوان دیا گیا ہے؛ ناحق قید میں 500 دن مکمل ہونے پر سابق وزیراعظم عمران خان کی اپنے ورکرز اور وکلاءسے اڈیالہ جیل عدالت میں گفتگو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے تو آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ میں ساری عمر بھی جیل میں گزارنے کے لئے تیار ہوں، لیکن وقت کے یزید کے آگے کبھی نہیں جھکوں گا۔ اللہ الحق ہے- وہ حق سچ کا خدا ہے اور صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے- ہم سب اس ملک کی حقیقی آزادی کے لیےقربانی دے رہے ہیں۔ آپ نے صبر کرنا ہے اور میرے ساتھ مل کر ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ڈی چوک میں دور حاضر کے جنرل ڈائیر نے قوم کو اپنا غلام گردانتے ہوئے نہتے اور پر امن شہریوں پر بلااشتعال گولیاں چلوائیں- ہم اس واقعہ کو کبھی بھی بھولنے نہیں دیں گے اور اپنے ورکرز اور شہدأ کو انصاف دلائیں گے-

مزید پڑھیں:‌عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے رچرڈ گرینل کو ٹرمپ نے اہم عہدہ دے دیا

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے ورکرز اور وکلا نے بتایا ہے کہ ابھی تک سامنے آنے والے 12 شہدا وہ ہیں جنہیں 26 نومبر کو مغرب سے پہلے شہید کیا گیا اور باقی لوگوں کو رات کو علاقے کی بجلی بند کروا کر گولیاں ماری گئی ہیں۔ ان کو کدھر غائب کیا گیا ہے؟ ابھی بھی درجنوں افراد مسنگ ہیں- مسنگ پرسنز کو تلاش کرنا اور تمام ڈیٹا پبلک کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ میڈیا سمیت ہزاروں لوگوں نے اندھا دھند فائرنگ اور بربریت اپنی آنکھوں سے دیکھی اور اس کے بعد ہسپتالوں کا ریکارڈ غائب کرنے اور شہدا کی لاشیں ورثاء کو فراہم کرنے سے انکار کی بھی میڈیا رپورٹس موجود ہیں-
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جلد از جلد 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن اور 26 نومبر کے اسلام آباد قتل عام کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کے لئے آزادانہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے جس میں سینئر ترین سپریم کورٹ ججز شامل ہوں۔ قوم تیار رہے، میں جلد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا-

اپنا تبصرہ بھیجیں