
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اظہر مشوانی اور شاندانہ گلزار آمنے سامنے آگئے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان عمران خان کی جانب سے روپوش رہنماؤں کے باہر آنے کے حوالے سے بیان دینے پر اختلاف پیدا ہوا۔
ایک شو کے دوران بیان دیتے ہوئے شاندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے میرے سامنے عمرایوب کو کہا تھا کہ قاسم سوری، میاں اسلم اقبال ، مراد سعید اور حماد اظہر کے بارے کہا کہ آپ باہر نکلیں اور بیل لےلیں۔
اس پر اینکر نے سوال کیا کہ اب تو 8 ستمبر کے جلسے سے کم دن باقی ہیں اور رہنما گرفتار بھی ہوسکتے ہیں۔ تو اس پر شاندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ جب خان کا حکم آگیا ہے تو گرفتاری ہوتی ہے تو ہو جائے۔
ان کی یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد ایک ورکر نے اظہر مشوانی کو ٹیگ کر کے رائے پوچھی کے کیا شاندانہ گلزار ٹھیک کہہ رہی ہیں کہ عمران خان نے مراد سعید، قاسم سوری، میاں اسلم اقبال اور حماد اظہر کے باہر آنے بارے ہدایات جاری کی تھیں؟
اس پر اظہر مشوانی کاکہنا تھا کہ عمران خان صاحب نے مراد سعید یا قاسم سوری کے بارے میں ایسی کوئی ہدایات کبھی بھی نہیں دیں- یہ ان محترمہ کی ذاتی خواہش ہو سکتی ہے- عمران خان صاحب جیل میں بلا کر بھی اس طرح کے جھوٹے بیانات، پارٹی میں گروپنگ کی کوشش، پارٹی رہنماؤں پر غداری کے الزامات اور انٹرا پارٹی پالیٹیکس کےلیے خان صاحب کی فیملی کا نام استعمال کرنے پر چند لوگوں کو سخت وارننگ دے چکے ہیں-
اس کے علاوہ کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو غلط معلومات فیڈ کر کے پارٹی میں گروپنگ اور پنجابی-پٹھان کی بحث شروع کرنے پر بھی چند لوگوں کو وارننگ مل چکی ہے-
مزید پڑھیں:مشوانی خاندان کے 4 افراد کے اغواء کی افسوسناک کہانی
تنقید ہونے کے بعد شاندانہ گلزار نے ایک ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ ٹوئٹر پر جاری ہنگامے کے جواب میں یاد رکھیں کہ تقریباً 10 ہفتے پہلے وزیر اعظم عمران خان نے حکم دیا تھا کہ جو بھی رہنما انڈر گراؤنڈ ہیں وہ سامنے آئیں اور قوم کی قیادت کریں۔ انہوں نے یہ بات عمر ایوب، رؤف حسن، میجر طاہر صادق ، فرودوس شمیم نقوی اور داؤد شاہ کاکڑ کے سامنے کہی ۔ مجھے اس بات کا کوئی علم نہیں کہ خان صاحب نے کل دو صحافیوں کے سامنے اپنے احکامات تبدیل کیے ہیں۔ یہ بات قسم کھا کر کہہ رہی ہوں۔
اس پر داؤد شاہ کاکڑ نے جواب دیا کہ میڈم مراد سعید اور قاسم بھائی کا نہیں کہا۔احماداظہر اور میاں اسلم بھائی کا کہا تھا۔
داؤد شاہ کاکڑ کے جواب کو پیش کرتے ہوئے اظہر مشوانی کا کہنا تھا کہ جھوٹ کو بار بار ، چیخ چیخ کر اور اکاؤنٹس بدل بدل کر بولنے سے سچ نہیں ہو جاتا یہ لیں میٹنگ میں شرکت کرنے ولاے بلوچستان کے صدر داؤد شاہ کاکڑ سے بھی سن لیں۔
مراد سعید اور قاسم سوری کا عمران خان صاحب نے کبھی نہیں بولا اور اب میاں اسلم صاحب اور حماد کو بھی منع کیا ہے۔ امید ہے عمران خان صاحب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محترمہ اور ان کی ٹیم پبلک اور میڈیا میں پارٹی کے اندرونی معاملات اور ذاتی پسند ناپسند کی بجائے سیاسی بیانیے پر فوکس رکھیں گے-تاکہ پارٹی ورکرز اور سپورٹرز کنفیوژ نہ ہوں-