پی ٹی آئی کا احتجاج، میانوالی میںایسا کیا ہورہا جو پہلے کبھی نہیںہوا

پنجاب کے تین شہروں، فیصل آباد، بہاولپور اور میانوالی میں آج عمران خان کی کال پر احتجاج جاری ہے۔ تینوں شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کنٹنر لگا کر پورے کے پورے شہر بند کر دیئے گئے ہیں ۔پولیس کی جانب سے طاقت کا استعمال بھی جاری ہے۔
یوں تو تینوں شہروں کا احتجاج ہی پی ٹی آئی کیلئے اہم ہے، تاہم میانوالی کا احتجاج زیادہ توجہ کا مرکز ہے کیونکہ میانوالی عمران خان کا آبائی علاقہ ہے۔ پی ٹی آئی نے یہاں سے 2013، 2018 اور 2024 کے انتخابات میں کلین سویپ کیا۔
رواں سال ہونے والے انتخابات میں بھی یہاں سے پی ٹی آئی نے ملک بھر سے زیادہ ووٹ حاصل کئے اور سب سے بڑی لیڈ سے پی ٹی آئی یہاں سے جیت سے ہمکنار ہوئی۔
تاہم میانوالی بہاولپور اور فیصل آباد کی نسبت چھوٹا شہر تصور ہوتا ہے۔ یہاں ویسی قومی شاہرایں نہیں ہے۔ تاہم سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سنگم پر واقعہ ہے۔
فیصل آباد اور بہاولپور میں پی ٹی آئی پہلے بھی احتجاج کرتی رہی ہے لیکن میانوالی میں ایسا پہلی بار دیکھا گیا ہے کہ شہر کی چھوٹی چھوٹی سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کیاگیا ہے۔
خیبرپختونخوا سے آنے والے تمام راستوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ ایک چھوٹے شہر کی گلی محلوں تک کنٹینر پہنچا دینا ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کو عوام کے حق احتجاج سے کسی طور سرو کار نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کا راولپنڈی احتجاج، ڈیجیٹل ویورشپ رپورٹ آگئی
مقامی میڈیا نوائے شرر کے مطابق شہر کے مرکزی روڈ بلوخیل روڈ پر ایک گھنٹے سے پی ٹی آئی اور پولیس کے درمیان میدان جنگ، شیلنگ جاری ہے۔ کارکن گلیوں سے نکل کر نعرے بازی کرتے ہیں اور غائب ہو جاتے ہیں۔ پولیس کارکنان پر سیدھی فائرنگ بھی کر رہی ہے۔
میانوالی کالاباغ پل خیبرپختونخوا سے میانوالی آنے کا راستہ ہے جو کہ بند ہے۔ سی پیک انٹرچینج دو مقام سے میانوالی کو لگتی ہے جہاں سے راولپنڈی اسلام آباد اور دیگر بڑے شہروں سے آنے والے افراد میانوالی آسکتے ہیں اور انہیں بھی بند کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ میانوالی کو سرگودھا اور ملتان سے ملانے والے روڈ بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔ میانوالی شہر نے آج سے قبل کبھی ایسا لاک ڈاؤن نہیں دیکھا جو آج دیکھا جارہا ہے۔
حکومت کی جانب سے شہر کو چھاؤنی میں تبدیل کرنا اور طاقت کا استعمال ایک ایسے شہر جس میں پہلے ہی پی ٹی آئی کا ووٹ بنک زیادہ ہے، حکومتی پارٹیوں کیلئے اس شہر سے مزید نفرت سمیٹنے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتا۔