
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ٹریفک پولیس سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوشش کریں کہ غیریبوں کو چالان نہ کریں کیوں کہ مشکل معاشی حالات کی وجہ سے اب چالان بھرنا مشکل ہو گیا ہے۔ وہ مردان میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے آئی جی خیبرپختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی صاحب کوشش کریں کہ گاڑی کے ماڈل اور قیمت کے حساب سے چالان کا کوئی نظام وضع کریں۔ ایسا کرنے سے امیر پر بوجھ بڑھے گا اور غریب کے کندھے سے بوجھ اترے گا۔
بڑی گاڑی والے کو زیادہ چالان کرنے کی درخواست کرتے ہوئے انہوں نے ٹریفک پولیس سے غریب کو چالان نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عموماً یہ لوگ انہی پیسوں سے اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، کوشش کریں انہیں چالان نہ کیا کریں۔
تاہم انہوں نے قانون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی پاسداری سب کافرض ہے اور کوئی بھی اس سے مبرا نہیں ہے۔
اس موقع پرانہوں نے صوبے میں امن و امان کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی حالات جیسے بھی ہوں وہ پولیس کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
مزید پڑھیں: معروف کاروباری شخصیت اغواء
انہوں نے پولیس سے لوگوں کے ساتھ اچھے برتاؤ سے پیش آنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جب پولیس اچھے طریقے سے پیش آتی ہے تو لوگ قانون پر عمل پیرا ہوتے ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز ہی جلسے میں خطاب کے دوران علی امین گنڈا پور نے عندیہ دیا تھا کہ وہ صوبے میں فوجی آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔
تاہم بنوں واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے شرپسندوں کی گرفتاری کے بعد انہوں نے پولیس کو ہر طرح سے سہولت دینے کا اعلان کیا تا کہ صوبے سے بدامنی کا خاتمہ کیا جاسکے۔