بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل پی ٹی آئی احتجاج کے حوالے سے قوم کے نام پیغام بھیجا ہے جسے ان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم اور تحریک انصاف کے کارکنان کو سلام جو اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوئے، پرامن احتجاج میں شامل ہیں اور ملک پر مسلط مافیا کے سامنے اپنے مطالبات اور حقیقی آزادی کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
پی ٹی آئی احتجاج کے بارے ان کا کہنا تھا کہ اپنی ٹیم کو پیغام ہے کہ آخری بال تک لڑیں، جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی ہدایات پر رینجرز اور پولیس نے ہمارے ورکرز پر فائرنگ اور شیلنگ کر کے پرامن شہریوں کو شہید اور زخمی کیا، اسے اس کا حساب دینا ہو گا ۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہری ناصرف پرامن تھے بلکہ شیلنگ اور فائرنگ کرنے والے پولیس اور رینجرز کو بھی ریسکیو کرتے رہے۔
مزید پڑھیں:ڈی چوک کی طرف بڑھتے پی ٹی آئی نوجوانوں کیلئے مرادسعید کا پیغام
اوورسیز پاکستانیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا بھی شکریہ جو ناصرف پاکستان میں موبلائزیشن کر رہے ہیں، فنڈز بھیج رہے ہیں، بلکہ اپنے اپنے ملکوں میں بھی تاریخی مظاہرے کیے سوشل میڈیا وارئیرز بھی دنیا بھر میں ہمارے مطالبات اور پاکستان میں جاری ظلم و ستم کی بھرپور کوریج جاری رکھیں۔
ملٹری ٹرائل پر بات کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کی دھمکیاں دینے والوں کے لیے پیغام ہے کہ جو کرنا ہے کر لو میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا ۔
عمران خان نے ہدایات جاری کیں کہ جو اب تک نہیں پہنچ پائے وہ بھی ڈی چوک پہنچیں ۔ مظاہرے میں شامل تمام پاکستانی پرامن رہیں، متحد رہیں اور ڈٹے رہیں جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے- یہ پاکستان کی بقا اور حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے۔