پی ٹی آئی احتجاج

پی ٹی آئی احتجاج؛ 15 دن تک اسلام آباد بند کرنے کا پلان کیا ہے؟

پی ٹی آئی احتجاج میں اس وقت دو فریق ہیں جن میں سے ایک پی ٹی آئی اور دوسرا حکومت ہے۔ دونوں کی حکمت عملی وقت کے حساب سے تبدیل ہو رہی ہے لیکن اب پی ٹی آئی رہنما نے ایسا دعویٰ کر دیا ہے جس سے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر کے کئی مقامات 15 دن تک بند رہنے کی خبریں زیر گردش ہیں۔
یہ بیان پی ٹی آئی رہنما مہر شرافت علی کی جانب سے سامنے آیا جنہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اگرچہ یہ ہماری پارٹی کی حکمت عملی نہیں ہے لیکن حکمت عملی تبدیل بھی ہوسکتی ہے اور ہوسکتا ہے ہم ایسا کریں۔
مہر شرافت علی کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے ہم ایسا کریں کہ ہم سب صوابی میں بیٹھ جائیں اور ایک نیت کر لیں کہ جو قافلے دور دراز سے آ رہے ہیں، وہ ناکہ بندی کی وجہ سے، کنٹینرز کی وجہ سے، یا کسی اور وجہ سے نہیں پہنچ پاتے، تو ہم روزانہ ایک کلومیٹر کا سفر طے کریں۔
مہر شرافت علی کا مزید کہنا تھا کہ اب جبکہ پورا پاکستان انہوں نے خود بند کر دیا ہوا ہے، تو ہم تقریباً 15 دن لگا دیں اسلام آباد پہنچنے میں۔ تو یہ 15 دن یہ کنٹینرز لگا کر بند رکھیں گے، 15 دن ہوٹل بند رکھیں گے، 15 دن ہاسٹل بند رکھیں گے، 15 دن رنگ روڈ اور موٹروے بند رکھیں گے؟

مزید پڑھیں:بوجہ مرمت پاکستان بند ہے

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ میں آپ کو بتا دوں کہ اگر ہم نے حکمت عملی بدل دی، جو کہ میں اپنے طور پر بات کر رہا ہوں کہ ہم روزانہ صرف صوابی سے ایک کلومیٹر سفر کریں۔ تو چند دنوں کے اندر اندر یہ ترلے کریں گے کہ خدا کے واسطے اسلام آباد آ جائیے یا واپس چلے جائیے۔
دوسری جانب صحافی عیسیٰ نقوی اور بشارت راجہ نے بھی انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے حکمت عملی میں تبدیلی کر دی ہے۔ حکومت 24 نومبر کی تیاری کر کے بیٹھی تھی لیکن اب پی ٹی آئی کی حکمت عملی اب 24 نومبر نہیں رہی۔
یوں اگر پی ٹی آئی تھوڑا سا فاصلہ طے کرتی ہے تو حکومت کیلئے یہ پریشانی کا باعث بنے گا کیونکہ وفاقی دارالحکومت کو اتنے دن تک بند نہیں رکھا جاسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں