دھروراٹھی

پاکستان میں دھرو راٹھی کے مقابلے کا یوٹیوبر کون ہے؟

پاکستان میں ان دنوں بھارتی یوٹیوبر دھرو راٹھی کا بہت چرچا ہے اور انڈین یوٹیوبر اس وقت سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔ ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک بحث چل نکلی ہے کہ کیا پاکستان میں دھرو راٹھی کے مقابلےکا کوئی یوٹیوبر ہے؟
اس سے پہلے کہ ہم اس مقابلے پر بات کریں یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان میں بھارتی یوٹیوبر کا اتنا تذکرہ کیوں ہورہا ہے؟ موجودہ بحث نے اس وقت جنم لیا جب بھارتی یوٹیوبر نے انڈین انتخابات کے نتائج آنے کے بعد اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ : عام آدمی کی طاقت کو کبھی کم مت سمجھو۔
اس ٹویٹ میں راٹھی انڈین انتخابات میں توقعات کے برعکس آنے والے انتخابی نتائج کو حوالہ دے رہے تھے جس کے اپوزیشن جماعت نے دس سال سے برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کو بڑا سرپرائز دیا۔ الیکشن نتائج توقعات کے بالکل برعکس تھے اور اب اگرچہ مودی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں لیکن یہ پوزیشن کمپرومائزڈ ہے اور انہیں دوسری جماعتوں پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔
دھرو راٹھی سیاست، جمہوریت ، آزادی اور تنقیدی سوچ جیسے موضوعات پر ویڈیوز بناتے ہیں اور انکے یوٹیوب اکاؤنٹ پر اس وقت 21 ملین سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔ وہ کسی دور میں مودی کے حامی بھی رہے ہیں لیکن اب وہ ان کے سخت ناقد ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا سادہ اکثریت کھوبیٹھنے والے نریندرمودی تیسری بار وزیر اعظم بن پائیں گے؟

حالیہ انتخابات میں جہاں مودی کے مدمقابل جماعتیں زیر عتاب تھیں تو دھرو راٹھی کو حقیقی اپوزیشن کا لقب دیا جارہا تھا اور ایسے موضوعات پر آرٹیکلز لکھے جارہے تھے جن کا متن تھا کہ راٹھی نے کیسے انڈین انتخابات کو متاثر کیا۔
پاکستان میں ان کا موازنہ کرنے کیلئے ایک پبلک فیس بک گروپ میں ایک صارف نے پوسٹ لگائی جس میں اس نے پوچھا کہ پاکستان میں دھرو راٹھی کے مقابلے کا یوٹیوبر کون ہے جو ایسی معلوماتی ویڈیوز بناتا ہو؟
اس پر صارفین اپنی پسند بتا رہے ہیں تاہم سب سے زیادہ نام فیصل وڑائچ کا سامنے آرہا ہے۔ صارفین کا ماننا ہے کہ ” دیکھو سنو جانو” چینل کے بانی فیصل وڑائچ انڈین یوٹیوبر سے معلوماتی ویڈیو بنانے میں کہیں آگے ہیں اور راٹھی سے ان کا کوئی مقابلہ نہیں بنتا۔
اگرچہ فیصل وڑائچ کے چینل دیکھو سنو جانو کے سبسکرائبرز کی تعداد انڈین یوٹبوبر کے سبسکرائبرز سے تقریباً 10 گنا کم ہے، تاہم ان کی معلوماتی ویڈیوز کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ ان کی ہسٹری آف پاکستان سیریز صارفین کی پسندیدہ ترین ویڈیو پلے لسٹ ہے جبکہ ان کے پوڈ کاسٹ بھی یکسر مقبول ہورہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں