
آج پاکستان بڑی بدنامی سے اس وقت بچ نکلا جب اسلام آباد میں آج صبح لاپتہ ہونے والی ویتنام کے سفیر کی بیوی کو چند گھنٹوں بعد ہی تلاش کر کے بحفاظت اپنے شوہر کے ہمراہ گھر روانہ کر دیا۔
ہفتہ کی صبح اس وقت وفاقی حکومت اور اسلام آباد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں جب خبریں آنا شروع ہوئیں کہ پاکستان میں ویتنام کے سفیر نگیں تئیں فونگ کی اہلیہ واک کیلئے نکلی تھیں لیکن اس کے بعد سے انکا نمبر بند مل رہا تھا۔ اور کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی ان کی موجودگی کا کوئی سراغ نہ لگایا جا سکا۔
خبر وائرل ہوتے ہی اسلام آباد پولیس حرکت میں آگئی اور سیلولر ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کا استعمال شروع کر دیا گیا۔ پولیس کی بروقت کارروائی سے معلوم پڑا کہ ویتنام کے سفیر کی اہلیہ ایف نائن پارک بیٹھی ہیں۔
مزید پڑھیں:ایرانی فورسز کا پاکستان پر حملہ
پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں حفاظتی حصار میں لے کر اپنے شوہر کے ہمراہ روانہ کر دیا۔ اپنی بیوی کی گمشدگی کی اطلاع سفیر نے خود پولیس تک پہنچائی تھی جس کیلئے سات ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
ان کی گمشدگی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بروقت ایکشن لیتے ہوئے پولیس کو حکم جاری کیا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال لاتے ہوئے انہیں ڈھونڈا جائے۔
یوں پاکستان ایک بڑی بدنامی سے بچ گیا کیونکہ اس سے قبل بھی غیر ملکیوں کے ساتھ کئی ایسے حادثات پیش آ چکے ہیں جس میں سفارتی سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے چند ماہ قبل بشام میں چینی انجینئرز کونشانہ بنایا گیا تھا جس سے پاک چائنہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی۔ چینی شہریوں پر کافی بار حملے ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں غیر ملکیوں کی حفاظت اب ضروری ہوتی جارہی ہے۔