پاکستان بمقابلہ انڈیا: میچ سے قبل پچ سے کیا چھیڑ خانی کی جارہی ہے؟

پاکستان بمقابلہ انڈیا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 کا ہائی وولٹیج ٹاکرا کل 9 جون کو نیویارک میں کھیلا جائے گا۔ نیویارک کے ناساؤ کرکٹ سٹیڈیم پر کھیلے جانے والے اس میچ سے قبل پچ میں تبدیلی کی خبر سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پچ پر گھاس کو کم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے کیونکہ زیادہ گھاس ہونے کی وجہ سے غیر متوازی باؤنس پیدا ہوتا ہے جو بلے بازوں کیلئے پریشانی کا باعث بنتا ہے۔اب تک اس گراؤنڈ پر تین میچز کھیلے جا چکے ہیں اور تینوں میچ ہی کم رنز پر ختم ہونے والے میچز تھے جس کی بڑی وجہ پچ کی وجہ سے بلے بازوں کو پریشانی کا سمامنا تھا۔
3 جون کو اس گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی پوری ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 77 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس کےبعد انڈیا اور آئرلینڈ کے میچ میں آئرش ٹیم صرف 96 رنز ہی بنا سکی۔
اس لیئے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان بمقابلہ انڈیا میچ سے قبل پچ پر گھاس کم کر کے متوازن کیا جائے گا۔ اس کرکٹ گراؤنڈ کی پچ ناکارہ ہونے پر شائقین اور ماہرین تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں:راولپنڈی سٹیڈیم میں شائقین پاکستان انڈیا ٹی ٹونٹی میچ کیسے لائیودیکھیں گے؟
اس سے قبل ایسی خبریں بھی سننے کو مل رہی تھیں جس میں یہ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والا یہ میچ کسی اور مقام پر منتقل کیا جا سکتا ہے ، تاہم ایونٹ آرگنائزر نے اس کی تردید کر دی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کو امریکہ کے نومولود ٹیم سے شکست کے بعد سے شائقین کا غم و غصہ ٹھنڈا نہیں ہورہا ہے۔ کہیں شائقین اپنے غصہ کا اظہار سخت زبان استعمال کرتے ہوئے کر رہے ہیں اور کہیں مزاح کا سہارا لیاجارہا ہے۔
اس بحث میں کودنے والوں نے چیف جسٹس سے گزارش کی ہے کہ اگلے میچ سے قبل ہی پاکستانی ٹیم سے بھی بلا چھین لیں تا کہ دوبارہ ایسی سبکی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے فین قومی ٹیم کو آفر کر رہے ہیں کہ اگر وہ انڈیا کو ہرادیں تو پچھلے تمام گناہ معاف کر کے اسی جوش و ولولے سے سپورٹ کیا جائے گا۔ اب دیکھنا ہوگا قومی ٹیم اس آفر پر پورا اتر پاتی یا نہیں۔