اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کا نیا، تیز اور بہتر ورژن متعارف کروا دیا ہے، جسے تمام صارفین باآسانی استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب گوگل نے اپنی سالانہ کانفرنس میں اپنی جدید ترین مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پیش کرنے کا اعلان کیا ۔
چیٹ جی پی ٹی کے نئے ورژن کا نام ’چیٹ جی پی ٹی فور او‘ رکھا گیا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت کا چیٹ بوٹ بھی شامل کیا گیا ہے ۔ اوپن اے آئی کی چیف ٹیکنالوجی افسر میرا مورتی نے سان فرانسسکو میں لانچ ایونٹ میں پر اپنے تمام نان سبسکرائبرز صارفین کے لیے ’چیٹ جی پی ٹی فور او‘ لانچ کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
ایونٹ کے دوران میرا مورتی اور اوپن اے آئی کے انجینئرز نے ورچوئل ایونٹ میں ’جی پی ٹی فور او‘ کا عملی مظاہرہ بھی کر کے دکھایا۔تجربے کے دوران اس ماڈل نے ریاضی کے سوالات کو حل کرنے کے بجائے ان کے آسان طریقے بتائے، کمپیوٹر کوڈز کا استعمال بھی کیا ، اطالوی زبان سے انگریزی میں ترجمہ کیا اور ایک مسکراتے شخص کی تصویر سے اس کے جذبات کا اندازہ بھی لگایا جسے دیکھنے والے حیران رہ گئے۔
مزید پڑھیں:آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا خطرناک استعمال
میرا مورتی نے بتایا کہ چیٹ جی پی ٹی فور او کا نیا ورژن پہلے سے زیادہ تیز رفتار ہے اور اس میں بات چیت کرنے والی آواز کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے،جو اسے مزید دلچسپ بنارہا ہے۔ اسکے علاوہ اس نیو ورژن میں تصاویر کے عنوانات کو پڑھ کر ان پر گفتگو کرنا، مختلف زبانوں میں ترجمہ کرنا اور تصاویر کے ظاہری تاثرات سے جذبات کا اندازہ لگانا بھی ممکن ہے, اور یہی نہیں اس میں میموری کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے، جو پچھلے جوابات کو باآسانی یاد رکھ سکتا ہے۔ اس نیو ورژن کے ذریعے صارفین اپنے مختلف کام زیادہ بہتر اور تیزی سے مکمل کر سکیں گے، جس سے ان کی روزمرہ کی زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔