کیلیفورنیا: انسٹاگرام نے نوجوانوں کو بلیک میلنگ سے بچانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کروایا جارہا ہے، جس کا مقصد مشکوک اکاؤنٹس کے ذریعے ممکنہ خطرات کی روک تھام کرنا ہے۔
میٹا کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، انسٹاگرام نے نوجوانوں کی آن لائن حفاظت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد نئے ٹولز متعارف کیے ہیں۔ ان نئے ٹولز کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ مشکوک اکاؤنٹس کو نوجوانوں تک پہنچنے اور انہیں اپنا نشانہ بنانے سے روکا جاسکیں۔ اس کے لیے انسٹاگرام نے اب مشکوک اکاؤنٹس کی جانب سے بھیجے جانے والے پیغامات کو خودکار طریقے سے اسپیم فولڈرز میں منتقل کرے گا یا بلاک کر دے گا تاکہ نوجوانوں کو غیر ضروری اور خطرناک پیغامات سے محفوظ رکھا جاسکے۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں 5 بہترین ٹیک بزنس آئیڈیاز
کمپنی کے ترجمان نے یہ واضح کیا ہے کہ انسٹاگرام ایک نیا الرٹ سسٹم بھی متعارف کرا رہا ہے، جو نوجوان صارفین کو اس وقت خبردار کرے گا جب کسی مشکوک اکاؤنٹ سے ان کے پاس پیغام آئے گا، خاص طور پر اس صورت میں اگر پیغام کسی دوسرے ملک سے بھیجا گیا ہو ۔ اس فیچر کا مقصد یہ ہے کہ نوجوان فوری طور پر اس خطرے کو سمجھ سکیں اور ان سے کوئی حساس معلومات شیئر نہ کریں۔
علاو ہ ازیں ،انسٹاگرام نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی مشکوک اکاؤنٹ کسی نوجوان کو فالو کر رہا ہے، تو وہ اس نوجوان کی فالورز لسٹ، پوسٹس، یا انہیں ٹیگ کرنے کی صلاحیت سے بھی محروم ہو جائے گا۔ ان اقدامات سے نوجوانوں کو مشکوک سرگرمیوں کا نشانہ بننے سے بچایا جا سکے گا۔تاہم کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ مشکوک اکاؤنٹس کا تعین کرنے کے لیے کئی عوامل کو مدنظر رکھا جائے گا، جیسے اکاؤنٹ ہولڈر کی عمر، دوستوں کی فہرست اور دیگر ڈیٹا۔ تاکہ مشتبہ سرگرمیوں کا پتہ لگایا جا سکے۔