
گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کے بعد حراست میں لئے گئے مختلف ممالک کے شہریوں کی رہائی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
اس حوالے سے ایک حوصلہ افزاء خبر سابق سینیٹر مشتاق احمد سے متعلق آئی جنہیں اسرائیلی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے رہنما جماعت اسلامی مشتاق احمد کا ایک ویڈیو بیان بھی ان کی ٹیم کی جانب سے جاری کیا گیا ہے ۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے بھی سینیٹر مشتاق احمد کی رہائی کی تصدیق کی گئی۔
انہوں نے ایمبیسی سٹاف کے ساتھ مشتاق احمد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "مجھے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق کو رہا کر دیا گیا ہے اور اب وہ عمان میں پاکستانی سفارت خانے میں محفوظ ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید لکھا کہ سفارت خانہ ان کی (مشتاق احمد خان) کی خواہش اور سہولت کے مطابق پاکستان واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی جیل سے رہا؛ ویڈیو پیغام جاری
اس سے قبل سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی جیل سے رہائی کے بعد اردن پہنچے جہاں سے انہوں نے ویڈیو بیان جاری کیا ۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ "میں اپنے 150 ساتھیوں کے ساتھ اُردن پہنچ چکا ہوں ۔ الحمد للہ پانچ چھ دن اسرائیل کی بدنام زمانہ جیل میں رہنے کے بعد ہمیں رہائی مل چکی ہے۔ ”
سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ "اس دوران ہمیں ہاتھوں میں ہتھکڑیاں باندھ کر پیچھے باندھی گئیں۔ ہمارے پاؤں میں بیڑیاں اور زنجیریں ڈال دی گئیں۔ ہماری آنکھوں پر پٹیاں باندھی گئیں۔ ہمارے اوپر کتّے چھوڑے گئے۔ ہمارے اوپر بندوقیں تان دی گئیں اور ہمیں بدترین قسم کا ٹارچر کیا گیا۔”
مشتاق احمد خان صاحب اسرائیلی جیل سے رہا ہو کر اردن پہنچ گئے۔
ان کا پیغام ہے کہ اڈیالہ سے لے کر اسرائیلی جیل تک مزاحمت جاری رہے گی
(ایڈمن) pic.twitter.com/gJi6zXFUTZ
— Senator Mushtaq Ahmad Khan | سینیٹر مشتاق احمد خان (@SenatorMushtaq) October 7, 2025
اسرائیلی جیل میں ناروا سلوک کا بیان کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ ” ہم نے اپنے مطالبات کے لیے تین روزہ بھوک ہڑتال کی۔ ہوا تک رسائی نہیں، پینے کے پانی تک رسائی نہیں، ادویات تک رسائی نہیں، زندگی تک رسائی نہیں۔ کسی بھی قسم کی چیز تک ہمیں رسائی نہیں تھی۔ ایک بدنام زمانہ جیل تھی۔ مگر الحمد للہ ہم رہا ہو چکے ہیں۔”
اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ” فلسطین کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اس ناکہ بندی کو ہم توڑیں گے۔ بار بار کوشش کریں گے۔ غزہ کو بچانے کے لیے کوشش کریں گے اور جو نسل کشی کے مجرم ہیں اُن مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔ ”
سابق سینیٹر مشاق احمد اسرائیلی جیل سے رہائی کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں مزید کہا کہ "مزاحمت جاری رہے گی۔اڈیالہ جیل سے اسرائیلی جیلوں تک فلسطین کی آزادی کی جدو جہد جاری رہے گی اور مزاحمت کی جدوجہد انشاء اللہ جاری رہے گی۔ ”
مشتاق احمد پاکستان کب واپس آئیں گے؟
پاکستان واپسی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ "جلد میں پاکستان آؤں گا اور اس تمام واقعے کی تفصیل جو اس فلوٹیلا سے اسرائیلی جیلوں سے متعلق ہے آپ کو بتاؤں گا۔ لیکن اپنی اس جدوجہد کو الاقصیٰ کی آزادی، فلسطین کی آزادی، غزہ کی آزادی تک جاری رکھیں گے۔ اسرائیل کے خاتمے تک ہماری یہ جدوجہد انشاء اللہ جاری رہے گی۔ پاکستان زندہ باد، فلسطین زندہ باد، پاک-فلسطین دوستی زندہ باد۔”
گلوبل صمود فلوٹیلا کے شرکاء کی رہائی کا سلسلہ جاری:
اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کرتے ہوئے گلوبل صمود فلوٹیلا کی تقریباً تمام کشتیوں کو قبضے میں لیتے ہوئے انسانی امداد پہنچانے والے قافلے کے تمام افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔
اسرائیل نے ان نہتے شہریوں بارے اپنے مجرمانہ خیالات کا اظہار کیا تھا۔ تاہم بین الاقوامی پریشر کے بعد اس بحری قافلے کے شرکاء کو ملک بدر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سے قبل ماحولیاتی ایکٹویسٹ گریٹا تھنبرگ سمیت 160 افراد کو گزشتہ روز رہائی ملی تھی جس کے بعد وہ یونان پہنچے تھے۔