پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر عوام پاکستان کے نام سے ایک نئی سیاسی پارٹی وجود میں آئی ہے ۔ پارٹی کی باقاعدہ لانچنگ جولائی کے پہلے ہفتے ہی متوقع ہے۔ تاہم ابھی سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پارٹی کیلئے گراؤنڈ سیٹ کر کے برینڈنگ شروع کر دی ہے۔
اس پارٹی میں فی الوقت مرکزی سیکرٹری جنرل کا عہدہ سونپا گیا ہے جوکہ مفتاح اسماعیل کے حصے میں آیا ہے۔ سیاست کے علاوہ مفتاح اسماعیل ایک کاروباری شخصیت بھی ہیں اور بچوں بڑوں میں یکساں مقبول کوکومو بسکٹ بنانے والی کمپنی اسماعیل انڈسٹریز کے سربراہ بھی ہیں۔
نئی جماعت کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین ان سے فری کوکومو کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
نئی جماعت کی لانچنگ کے بعد سے مفتاح اسماعیل کئی دنوں سے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر متحرک دکھائی دے رہے ہیں جس میں وہ اپنی پارٹی کے منشور اور شمولیت کے طریقے سے بھی آگاہ کر رہے ہیں۔
اس دوران وہ صارفین کے سوالات کے جوابات بھی دے رہے ہیں۔ ایسی ایک پوسٹ جس میں عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا طریقہ کار بتایا گیا تھا، ایک صارف نے مفتاح اسماعیل سے پوچھا کہ کیا انکی پارٹی میں شمولیت پر فری کوکومو ملے گی؟
مزید پڑھیں: جنرل باجوہ پی ٹی آئی میں شامل ہونے جارہے
اس کا جواب مفتاح اسماعیل نے نہیں میں دیا جس پر صارفین ناراض نظر آئے اور کوکومو کو عزت دینے کا نعرہ لگا ڈالا۔ کسی نے کوکومو پیکٹ میں کم ہونے اور چاکلیٹ پوری نہ ہونی کا معاملہ اٹھایا تو کسی نے انکی پارٹی کا یوتھ لیڈر بننے پر رضا مند دکھائی دیئے لیکن ساتھ لائف ٹائم فری کوکومو کی شرط بھی رکھ ڈالی۔
اب تک عوام پاکستان پارٹی کے بارے میں آنے والی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ جو پرانے چہرے اس پارٹی میں شامل ہیں اس میں شاہد خاقان عباسی ، مفتاح اسماعیل، عمران خان کی دور حکومت میں وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، ایم کیو ایم سے شیخ صلاح الدین جبکہ سردار مہتاب عباسی بھی اس پارٹی کا حصہ ہیں۔
اس سے قبل مصطفیٰ نواز کھوکھر کے بارے میں بھی خبریں تھیں کہ وہ اس پارٹی میں شامل ہونے جا رہے ہیں ، تاہم اب انہوں نے اس کی تردید کر دی ہے۔