گرفتار پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کی قوم سے درد مندانہ اپیل

گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما اور فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کو ان کی رہائش سے پولیس اور نامعلوم نقاب پوش افراد نے اغواء کیا جس کے بعد آج انہیں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمگیر خان 9 مئی کے دو مقدمات میں جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کیلئے نامزد تھے جس کیلئے انہیں گزشتہ روز گرفتار کیا گیا اور آج انہیں لنک عدالت میں پیش کیا گیا تو عدالت نے ان کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا جس کے بعد عالمگیر خان کوآئندہ سماعت پر متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائےگا۔ ان پر یہ مقدمات اسلام آباد میں درج ہیں۔
آج عدالت پیشی کے موقع پر عالمگیر خان نے میڈیا سے مختصر غیر رسمی گفتگو کی جہاں انہوں نے ہتھکڑی دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان سے محبت کا انعام ہے۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ہمت رکھیں اور مستحکم رہیں۔
اس موقع پر عالمگیر خان کا مزید کہنا تھا کہ میں پتا نہیں کب آزاد ہوں قوم سے گزارش کروں گا کہ فکس اٹ فیملی ہوم میں یتیم بچوں کی کفالت کی جارہی ہے قوم نے ان کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان اغواء، ویڈیو سامنےآگئی
یاد رہے کہ اپنے سوشل ورک کی وجہ سے مشہور عالمگیر نے 2016 میں اورنگی ٹاؤن کراچی میں تین یتیم بچوں کے حالت زار دیکھ کر یہ عزم پیدا کیا کہ وہ ایک ایسا پناہ گاہ قائم کریں جہاں خاندان سے محروم بچوں کو دیکھ بھال، تعلیم، اور ایک بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
دوسری جانب آج اڈیالہ جیل کے باہر سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد دیگر رہنماؤں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔