میڈیکل طلبہ

میڈیکل طلبہ کی فیس ختم

امریکہ کے مشہور تعلیمی ادارے جان ہاپکنز یونیورسٹی کے میڈیکل طلبہ کی خوشی کا اس وقت کوئی ٹھکانہ نہ رہا جب انہیں معلوم پڑا کہ اب انہیں اپنی تعلیم کیلئے بھاری فیسیں ادا نہیں کرنی پڑیں گی کیونکہ ایک مشہور کاروباری شخصیت نے اس کام کیلئے اتنا عطیہ دیا ہے کہ نہ صرف موجودہ طلبہ بلکہ آنے والے چند طلباء بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
مشہور کاروباری شخصیت اور نیو یارک کے سابق میئر مائیکل بلومبرگ کی جانب سے ایک ارب ٖڈالر کا عطیہ سامنے آیا ہے جس کے تحت ایسے طلبہ جن کی والدین کی سالانہ آمدن تین لاکھ ڈالر سے کم ہے انکی فیس اس فنڈ سے ادا ہو گی۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ 75 ہزار ڈالر سالانہ سے کم آمدن رکھنے والے گھرانوں کے بچوں کے رہائش کا بندوبست بھی اسی فنڈ سے کیا جائے گا۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق بلومبرگ کے اس فنڈ سے جان پاپکنز یونیورسٹی کے دو تہائی طلبہ فائدہ اٹھا سکیں گے جبکہ آنے والے کئی طلباء بھی اس فنڈ سے مستفید ہوں گے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے طلباء کیلئے یہ خبر اس لیئے بھی انتہائی اہم ہیں کیونکہ ایک بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں گریجویٹ ہونے والے کئی طلبہ پر ایک لاکھ ڈالر تک کا قرض تھا۔

مزید پڑھیں:سی ایس ایس رزلٹ : کتنے امیدوار کامیاب کتنے ناکام؟

مائیکل بلومبرگ کا کہنا تھا کہ امریکہ کو ڈاکٹروں اور صحت عامہ سے منسلک افراد کی قلت کا سامنا ہے اور بہت سے طلبہ اس لیئے بھی میڈیکل کالجز کا رخ نہیں کر پاتے کیوں کہ ان کی بھاری فیسیں ان طلباء کیلئے قابل برداشت نہیں ہوتی ہیں۔
مائیکل بلومبرگ نے اس عطیے کو ایک فلاحی تنظیم کے ذریعے پہنچایا جبکہ وہ مستقبل میں یونیورسٹی کے دیگر شعبہ جات کیلئے بھی اپنی رقم عطیہ کرنے کی سوچ رکھتے ہیں تاکہ ایسے طلبہ جو اپنے تعلیمی اخراجات افورڈ نہیں کر سکتے انہیں باقاعدہ تعلیم حاصل کرنے میں کوئی دقت نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں