
مشہور مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ اکتوبر میں پاکستان آرہے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے ایک باضابطہ ویڈیو بیان بھی جاری کردیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے گورنمنٹ آف پاکستان نے لیکچرز کیلئے مدعو کیا ہے اور میںماہ اکتوبر میںپاکستان آؤںگا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بتایا کہ وہ تین بڑے شہروں لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں لیکچرز دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ کراچی میں 5 اور 6 اکتوبر کو لیکچرز دیں گے جبکہ لاہور میں 12 اور 13 اکتوبر اور اسلام آباد میں 19 اور 20 اکتوبر کو لیکچرز دیں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مزید کہا کے انہیں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں سے لیکچرز کیلئے دعوت آرہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام دعوت ناموں کو قبول نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ سینکڑوں کی تعداد میں ہیں اور دن بدن اضافہ بھی ہورہا ہے۔
ڈاکٹر نائیک نے بتایا کہ وہ یونیورسٹیوں کا انتخاب کریں گے، تاہم وہ ایک ادارے کا انتخاب کر چکیں ہیں جو کہ اسلام آباد کی نسٹ یونیورسٹی ہے۔
مزید پڑھیں:دوسرا وضاحتی بیان، مفتی طارق مسعود معافی کیوں مانگ رہے ہیں؟
انہوں نے انکشاف کیا کہ مجھے کئی دہائیوں سے جو دعوت نامے موصول ہورہے ہیں اس میں سے سب سے زیادہ پاکستان سے درخواستیں آرہی ہیں۔
ڈاکٹر نائیک نے بتایا کہ 1991 میں وہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں لیکن یہ ان کی پبلک ٹاکس کرنے سے پہلے ایک نجی دورہ تھا جس میں وہ ڈاکٹر اسرار احمد کو ملنے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے سوال کیا جارہا ہے کہ میری تقاریر انگریزی زبان میں ہوں گی یا اردو زبان میں؟ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ لاہور ، اسلام آباد اور کراچی کے چھ لیکچرز میں سے وہ تین لیکچر اردو میں اور تین انگلش میں دینے کی کوشش کریں گے۔