24 سالہ چینی خاتون مکبنگ اسٹریمر، پین شیاوٹنگ جو اپنے شائقین کی تفریح کے لیے بڑی مقدار میں کھانا کھانے کی وجہ سے کافی مشہور تھی، حال ہی میں لائیو ویڈیو کے دوران اچانک موت کا شکار ہوگئی۔ چینی خبر رساں ادارے ہانکیونگ کے مطابق، شیاوٹنگ کی موت کی بنیادی وجہ زیادہ کھانا قرار دی گئی ہے۔
پین شیاوٹنگ مکبنگ کی دنیا میں کافی مقبول تھی جو بڑی مقدار میں کھانا کھا کر اپنے ناظرین کی تفریح کرتی تھی۔ ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بہت تیزی وائرل ہوتی تھیں اور ان کے فینز کی تعداد لاکھوں میں ہوتی تھی۔ مکبنگ کا مطلب بھی یہی ہے کہ ناظرین کی تفریح کے لیے زیادہ سے زیادہ کھانا کھایا جائے، اور شیاوٹنگ اس چیز میں بہت ماہر ہوچکی تھی۔
بدقسمتی سے، خاتون کا یہ شوق انہیں بہت مہنگا پڑگیا ۔رپورٹ کے مطابق، لائیو براڈکاسٹ کے دوران شیاوٹنگ اچانک زمین پر گر پڑی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے بھی یہی انکشاف ہوا کہ ان کے معدہ کا نظام بری طرح سے بگڑا ہوا تھا اور ہضم نہ ہونے والا کھانا بھرپور مقدار میں موجود تھا۔
مزید پڑھیں:بنگلہ دیش میں کئی ہلاکتوں اور سینکڑوں زخمیوں کی وجہ کیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیاوٹنگ اپنی لائیو ویڈیوز میں بغیر روکے دس دس گھنٹے تک کھانا کھانے کی عادی تھی۔ ایک موقع پر، انہوں نے مختلف پکوانوں کی 22 پاؤنڈ خوراک کھائی تھی۔ یہ غیر معمولی کھانا کھانے کا شوق ان کی صحت پر بہت برا اثر ڈال رہی تھی۔
اس سے قبل بھی شیاوٹنگ کو معدے میں خون بہنے کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ان کے مداحوں نے بھی ان کی صحت پر تشویش ظاہر کی تھی، مگر شیاوٹنگ نے ان کو نظرانداز کرتے ہوئے ہسپتال سے چھٹی ملتے ہی دوبارہ مکبنگ ویڈیوز بنانا شروع کردی تھیں۔شیاوٹنگ کی موت ان سب سے لیے ایک سبق ہے کہ جو ضرورت سے زیادہ کسی چیز کا شوق رکھتے ہیں اور بلاآخر نقصان اٹھاتے ہیں۔