رات-کو-موبائل -کا-استعمال

کیا رات کو موبائل استعمال کرنے کانیند سے تعلق نہیں؟ نئی تحقیق

آپ نے اکثر یہ لطیفہ سنا ہوگا کہ رات کو نیند آنکھیں بند کرنے سے نہیں انٹرنیٹ بند کرنے سے آتی ہے۔ اس سے زیادہ مزاحیہ وہ طعنے ہوتے جو امی رات کو موبائل استعمال کرتے ہوئے دیکھ کر سناتی ہیں۔
ہمیں آئے روز ایسی ریسرچز ملتی جس میں بتایا جاتا ہے کہ سونے سے قبل رات کو موبائل استعمال کرنے سے بلیو لائٹ ہمارے اندرونی نیند کے نظام کو خراب کر دیتی ہے جس سے نیند کے اوقات اور معیار پر فرق پڑتا ہے۔
تاہم دن بھر کے تھکے ہارے لوگ ایسی کسی ریسرچ کو خاطر میں نہیں لاتے۔ ایسے افراد کا کہنا ہوتا ہے کہ دن بھر کی تھکاوٹ کے بعد رات میں انہیں سوشلائزیشن کے یہی چند لمحے میسر آتے ہیں جنہیں وہ چھوڑ نہیں سکتے۔
ایسے تمام افراد اب سکھ کا سانس لے سکتے ہیں کیونکہ ایک نئی تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ سمارٹ فونز سے نکلنے والی یہ روشنی ہماری نیند پر اثر نہیں ڈالتی ہے۔
میڈیکل جریدے سلیپ میڈیسن ریویوز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ہماری سونے سے قبل سکرین استعمال کرنے کی یہ عادت ہماری نیند پر اتنا اثر نہیں ڈالتی جتنا اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: تربوز کو انجکشن کی سائنس:‌ڈاکٹر عفان قیصر کو10 کروڑ کا جرمانہ؟

مشہور ماہر نفسیات مائیکل گراڈیسر کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں 11 ایسی ریسرچز کی گئی ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں کے سونے سے قبل موبائل سکرین استعمال کرنا ہماری نیند پر اثر انداز ہوتا ہے۔
اس سے قبل ٹائمز میگزین میں بھی ایک رپورٹ شائع کی گئی تھی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ سونے سے قبل موبائل استعمال کرنے سے سونے میں صرف 10 منٹ کی تاخیر ہوتی ہے۔
اس حوالے سے مائیکل گراڈیسر کا کہنا ہے کہ موبائل استعمال کرنے سے جو چیز متاثر ہوتی ہے وہ انسان کا وقت ہے۔ ایک انسان جب موبائل استعمال کرتا ہے تو وہ توجہ نیند سے ہٹا لیتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسے نیند آنےمیں تاخیر ہوجاتی ہے وگرنہ اس کا بلیولائٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کی خوبصورتی کیلئے انسان کو چاہیے کہ وہ شام کے بعد اپنے لیپ ٹاپ اور موبائل فون سکرین پر نائٹ موڈ ایکٹویٹ کر دے۔اس کے علاوہ اگر موبائل کے استعمال سے بچا جاسکتا ہے تواس کی کوشش کی جائے کیونکہ سونے سے قبل سوشل میڈیا پر دوسروں کی زندگی سے متاثر ہو کر اپنی زندگی سے موازنہ کرنے سے بھی انسان اداس ہوجاتا ہے جو زیادہ سوچنے کے عمل کو تقویت دیتا ہے اور یوں نیند خراب ہوتی ہے۔

کیا رات کو موبائل استعمال کرنے کانیند سے تعلق نہیں؟ نئی تحقیق” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں