کھیل

کیاپاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 کیلئے تیار ہے؟

یہ ایک پرانا حربہ ہے کہ جو پاکستانی محکمہ کام نہ کرنے کا عادی ہو چکا ہو اور اس سے کارکردگی لینا مقصود ہو تو اسے پاک فوج کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔ایسا ہی کچھ عرصہ قبل پاکستانی ٹیم کے ساتھ بھی کیا گیا اور پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس اور فٹنس کو بہتر بنانے کیلئے آرمی ٹریننگ کیمپ بیج دیا گیا۔ توقع کی جارہی تھی کہ اس ٹریننگ کے بعد پاکستانی ٹیم فٹنس اور کارکردگی میں بہت آگے نکل جائے گی۔
تاہم یہ سوچ کے برعکس ثابت ہوا اور اس پریکٹس کے فوری بعد نیوزی لینڈ کی بی ٹیم سے پالا پڑا تو پاکستانی ٹیم کارکردگی نہ دکھا سکی۔
اس کے بعد سوچ جنم لینے لگی کہ کیا پاکستانی ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 کیلئے تیار ہے؟ اس کا اندازہ لگانے کیلئے آئرلینڈ اور انگلینڈ کی سیریز کا انتظار کیا جانے لگا۔آئرلینڈ سرپرائز دینے والی ٹیم ہے، تاہم وہ پاکستانی ٹیم کے ہم پلہ کبھی نہ تھی۔ لیکن پہلے ہی میچ میں پاکستانی ٹیم کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد آئرلینڈ نے پاکستانی ٹیم کو یاد دلایا کہ خبردار ہم ورلڈکپ میں بھی آپکے گروپ میں ہیں۔
اب سیریز انگلینڈ سے تھی اور دیکھنا تھا کہ پاکستانی ٹیم واقعی ورلڈکپ کیلئے تیارہے؟ اب کی بار بھی امید کم اور مایوسی زیادہ دکھائی دی۔ یا یوں کہا جائے کہ صرف مایوسی ہی دکھائی دی، امید کا دور دور تک نام و نشان نہ بچا تھا۔
انگلینڈ کی سیریز میں اگر دو میچز بارش کی نظر نہ ہوتے تو شاید ہم 0-4 سے شکست پاتے۔ لیکن جو دو میچز کھیلے گئے اس میں انگلینڈ نے ہم پر واضح کیا کہ آپ لوگ بھلے ورلڈکپ کیلئے تیار نہ ہو ہم ورلڈکپ میں اپنے اعزاز کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

مزید پڑھیں:‌ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سےپہلے شاہد آفریدی بڑا اعزاز پاکستان لے آئے

ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل پاکستان کو گیری کرسٹسن جیسے تجربہ کار کوچ مل چکے ہیں جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز میں پاکستانی ٹیم کے زوال کے اسباب اچھی طرح دیکھ لیئے ہیں تاہم اب دیکھنا ہوگا کہ ورلڈکپ شروع ہوتے ہی ان کی کوچنگ کچھ رنگ دکھا پائے گی یہ نہیں۔
ایک طالبعلم سے کسی نے سوال کیا تھا کہ بیٹا تمہاری امتحان کی تیاری کتنی ہے؟ وہ بولا امتحان میں لے کے جانے والے قلم تراشے ہوئے ہیں، کپڑے بھی بالکل تیارہیں اور جوتے پالش ہیں۔ بس کچھ باقی ہے تو پڑھنا باقی ہے۔
پاکستانی ٹیم کی تیاری کی بات کر لی جائے تو ہم نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 کیلئے اپنا نغمہ تو جاری کر دیا ہے لیکن یہ بات عیاں ہے کہ ہماری ٹیم کسی طور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے تیار نہیں۔ لیکن سرپرائز دینے میں ہماری ٹیم کا بھی کوئی ثانی نہیں۔ اس لئے تم جیتو یا ہارو ہمیں تم سے پیار ہے کا عزم لیئے ہم ورلڈکپ کے میدان میں اتر گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button