متفرق

ہوشیار! آئس کریم سے انسانی انگلی نکل آئی

انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے مضافاتی علاقے ملاڑ میں ایک شخص نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ معروف کمپنی کی آئس کریم کھاتے ہوئے انہیں اس میں سے انسانی انگلی ملی ہے۔
ملاڑ کے رہائشی 26 سالہ ڈاکٹر اورلیم برینڈن سراؤ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک معروف برانڈ کی ایپ سے تین کون آئسکریم آرڈر کی۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں سے ایک بٹر سکاچ فلیورڈ آئس کریم تھی جو انہوں نے کھانا شروع کی تو انہیں محسوس ہوا کہ اس میں کچھ سخت چیز ہے جو چبائی نہیں جارہی۔
مذکورہ شخص نے شروع میں گمان کیاکہ یہ کوئی ڈرائی فروٹ کا ٹکڑا ہوگا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اس باہر نکال کر غور سے دیکھا تو وہ دنگ رہ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹر ہیں اور انسانی اعضاء اچھے سے پہچانتے ہیں۔ اسی لیئے انہوں نے جب ناخن اور فنگر پرنٹ دیکھے تو ان کے ہوش اڑ گئے اور اس وقت سے وہ صدمے میں ہیں۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ سے کلائمیٹ ہیرو کا ایوارڈ لینے والی چترال کی لیڈی ہیلتھ ورکر

پولیس نے ابتدائی طور پر آئس کریم کمپنی سے مناسب جواب نہ ملنے پر کسی کمپنی ملازم کو نامزد کئے بغیر مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ مقدمے میں اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ اور انسانی جان خطرے میں ڈالنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انگلی کو فرانزک آڈٹ کیلئے بھیجا گیا ہے تا کہ معلوم کیا جاسکے کہ یہ واقعی انسانی انگلی ہے یا کسی جانور کی تو نہیں۔
اس تنازعے پر واضح بیان دینے کی بجائے آئس کریم بنانے والی کمپنی نے ایک نیوز سائٹ کو بیان دیتے ہوئے ملبہ تھرڈ پارٹی مینوفیکچرنگ کمپنی پر ڈال دیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ تھرڈ پارٹی پلانٹ میں آئس کریم کی مزید پروڈکشن روک کر اس کا موجودہ سٹاک علیحدہ کر دیا گیا ہے جبکہ بازار سے بھی مذکورہ بیچ کی مصنوعات اٹھا لی جائیں گی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button