کھیل

کیوی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کو غیر اہم کیوں سمجھ رہی؟

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان 18 اپریل سے ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز ہورہا ہے۔ پاکستان اس سیریز کو انتہائی اہم سمجھ رہا ہے اور اس کے لیئے کھلاڑیوں نے خصوصی طور پر پاک آرمی کے زیر انتظام فٹنس کیمپ میں بھی حصہ لیا۔ تاہم کیوی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کو غیر اہم سمجھ رہی ہے۔
اس سیریز کو غیر اہم سمجھے جانے کا مظاہرہ کیوی ٹیم کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اس سیریز کے لئے ٹیم کے اعلان سے ظاہر ہوا جس میں کوئی بھی اہم کھلاڑی نہیں ہے۔ کرکٹ کے تجزیہ نگار اسے نیوزی لینڈ کی بی ٹیم قرار دے رہے ہیں۔
کیوی ٹیم کے سینئر کھلاڑی ٹرینٹ بولٹ، کین ولیمسن ، ڈیری مچل، مچل سینٹنر، اور میٹ ہنری جیسے بڑے نام آئی پی ایل لیگ میں موجود ہیں اور اس لیگ کو پاکستان کے خلاف سیریز پر فوقیت دے رہے ہیں۔
ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ کسی ٹیم کے سینئر کھلاڑی کسی دوسری ٹیم کے خلاف سیریز کی بجائے آئی پی ایل کو فوقیت دیں۔ تاہم کپتان اور اس قدر سینئر کھلاڑیوں کا ایک ساتھ آئی پی ایل کو اس طرح فوقیت دینا کہ ٹیم کو بی ٹیم کا لقب دیا جائے ایک غیر معمولی موقع ہے۔

مزید پڑھیں:‌پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کون ہیں؟

کین ولیمسن کے آئی پی ایل میں ہونے کے باعث پہلی بار مائیکل بریس ویل کیوی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جنید خان نے ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں دیکھ کر بہت افسوس ہوا کے لیگز کو انٹرنیشنل کرکٹ پر اس قدر فوقیت دی گئی کہ 11/12 سینئر کھلاڑی سیریز کھیلنے نہیں آرہے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کیوی کرکٹ ٹیم نے پاکستان اپنی بی ٹیم کو بھیجا ہے۔ گزشتہ سال بھی نیوزی لینڈ ٹیم کے 9 بڑے چہرے آئی پی ایل کے باعث پاکستان کھیلنے نہیں آئے تھے۔
سپورٹس جرنلسٹس کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک کی کرکٹ بورڈز آئی پی ایل سے ملنے والے مالی فوائد اور تجربہ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں ۔ اس لئے وہ اپنے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کھیلنے سے روک کر انڈین کرکٹ بورڈ کی ناراضگی مول نہیں لینا چاہتے۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کوئی کھلاڑی جبکہ پی ایس ایل میں انڈین کرکٹ ٹیم کو کوئی کھلاڑی دونوں ممالک کی کھیل پر سیاست کے باعث حصہ نہیں لے سکتا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button